مہیش کمار گوڑ بیلگام میں راہول گاندھی سے مشاورت کریں گے
حیدرآباد۔/25 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) کرناٹک کے بیلگام میں کل 26 ڈسمبر سے منعقد ہونے والی کانگریس ورکنگ کمیٹی کے اجلاس میں تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کی عاملہ پر ہائی کمان سے منظوری حاصل کی جاسکتی ہے۔ صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ اور چیف منسٹر ریونت ریڈی دو روزہ اجلاس میں شرکت کریں گے اور دونوں نے ہائی کمان سے مشاورت کے ایجنڈہ میں پردیش کانگریس کی عاملہ کی تشکیل کو شامل رکھا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ پردیش کانگریس کی صدارت پر 100 دن کی تکمیل کے باوجود ہائی کمان سے منظوری نہیں ملی جس کے نتیجہ میں مہیش کمار گوڑ پر قائدین کا دباؤ بڑھنے لگا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ریونت ریڈی اور مہیش کمار گوڑ راہول گاندھی اور ملکارجن کھرگے سے پی سی عاملہ کی تشکیل پر مشاورت کرتے ہوئے منظوری حاصل کریں گے۔ راہول گاندھی نے عاملہ میں کمزور طبقات کو مناسب نمائندگی دینے کا فیصلہ کیا ہے لہذا ورکنگ پریسیڈنٹ اور نائب صدور و جنرل سکریٹریز کے عہدوں پر کمزور طبقات کو 60 فیصد تک نمائندگی دی جائے گی۔ مہیش کمار گوڑ مختصر اور اوسط عاملہ کی تجاویز کے ساتھ روانہ ہورہے ہیں۔ اگر ہائی کمان پہلے مرحلہ میں مختصر عاملہ کی تشکیل کی اجازت دے تو توقع ہے کہ 30 قائدین پر مشتمل عاملہ کا انتخاب کیا جائے گا۔ اس بات کا قوی امکان ہے کہ مہیش کمار گوڑ کو ہائی کمان سے عاملہ کے سلسلہ میں منظوری حاصل ہوگی۔ مہیش کمار گوڑ عاملہ میں شامل کئے جانے والے عہدیداروں کی فہرست کے ساتھ روانہ ہورہے ہیں۔1