پردیپ کمارہندی سنیما کے بادشاہ تھے

   

ممبئی: ہندی اور بنگالی فلموں کے مشہور اداکار پردیپ کمار کو ایک ایسے اداکار کے طور پر یاد کیا جاتا ہے جنہوں نے 1950 اور 60 کی دہائی میں اپنے تاریخی کرداروں کے ذریعہ ناظرین کو محظوظ کیا۔اس زمانے میں فلم سازوں کو اپنی فلموں کے لئے جب بھی کسی بادشاہ ، شہنشاہ ، پرنس یا نواب کے کردار کی ضرورت ہوتی تھی تو وہ پردیپ کمار کو یاد کیا کرتے تھے ۔ ان کی دلکش اداکاری سے آراستہ فلم انارکلی، تاج محل، بہو بیگم اور چترلیکھا جیسی بے شمار فلموں کو ناظرین آج بھی نہیں بھولے ہیں۔مغربی بنگال میں 4 جنوری 1925 کو ایک برہمن خاندان میں شیتل بٹاولی عرف پردیپ کمار کی پیدائش ہوئی۔وہ بچپن سے ہی فلموں میں اداکاری کرنے کا خواب دیکھا کرتے تھے ۔1947 میں پردیپ کمار کی ملاقات ڈائریکٹر دیوکي بوس سے ہوئی اور جنہوں نے اپنی بنگلہ فلم ‘‘الکھنندا’’ میں کام کرنے کا موقع دیا۔ بعد میں انہوں نے ہندی سنیما کی جانب رخ کیا اور اپنے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کے لئے 1949میں ممبئی آگئے ۔ پردیپ کمار نے محبوب کی مہندی (1971)، سمجھوتہ (1973)، دو انجانے (1976)، دھرم ویر (1977)، کھٹامیٹھا (1978)،کرانتی (1981)، رضیہ سلطان (1983)، دنیا (1984)، میرادھرم (1986)، وارث (1988) جیسی کئی سپر ہٹ فلموں کے ذریعے ناظرین کے دلوں پر راج کیا۔تقریباً چار دہائی تک اپنی بے مثال اداکاری سے ناظرین کے دلوںمیں خاص شناخت بنانے والے پردیپ کمار 27 اکتوبر 2001 کو اس دنیا کو الوداع کہہ گئے ۔