روحانی پیشوا کی پہلی مرتبہ ہندوستان آمد، گجرات اور مہاراشٹرا کا دورہ بھی شامل
حیدرآباد۔ 13 ستمبر (سیاست نیوز) شیعہ اسمعیلی فرقہ کے روحانی پیشوا پرنس رحیم آغا خاں V ، 14 اور 15 ستمبر کو تلنگانہ کا دورہ کریں گے۔ پرنس رحیم آغا خاں اسمعیلی شیعہ مسلمانوں کے 50 ویں روحانی پیشوا ہیں اور آغا خاں ڈیولپمنٹ نیٹ ورک کے سربراہ ہیں۔ فروری 2025 میں والد پرنس کریم آغا خاں IV کے جانشین مقرر کئے جانے کے بعد ان کا پہلا دورۂ ہندوستان ہے۔ توقع ہے کہ تلنگانہ کے دورہ کے موقع پر پرنس رحیم آغا خاں حکومت کے ذمہ داروں کے علاوہ اسمعیلی جماعت کے ارکان سے ملاقات کریں گے۔ نئی دہلی اور گجرات کے دورہ کے بعد وہ حیدرآباد پہنچیں گے اور یہاں سے مہاراشٹرا روانہ ہوں گے۔ گزشتہ 7 دہوں کے دوران تلنگانہ اور آغا خاں ڈیولپمنٹ نیٹ ورک کے رشتوں کو مزید مستحکم کرنے میں یہ دورہ مددگار ثابت ہوگا۔ آغا خاں ڈیولپمنٹ نیٹ ورک کی جانب سے کئی تاریخی عمارتوں کے تحفظ کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ گنبدان قطب شاہی کی تزئین نو کے پراجکٹ کا 2024 میں اختتام عمل میں آیا اور چیف منسٹر کے ہاتھوں افتتاح انجام دیا گیا۔ 2011 میں تعلیمی سرگرمیوں کے لئے آغا خاں اکیڈیمی حیدرآباد میں قائم کی گئی جس کے تحت 4250 طلبہ کو تعلیم دی جارہی ہے۔ ریاست بھر میں آغا خاں اسکولس کے طلبہ کی تعداد 22,000 سے زائد ہے۔ تلنگانہ میں آغا خاں کمیٹی کی جانب سے مختلف فلاحی اور سماجی کام انجام دیئے جاتے ہیں۔ 1؍F