پرنس ہیری اور میگن کا جنوبی افریقہ کا پہلا سرکاری دورہ

,

   

جوہانسبرگ ۔ 20 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) برطانیہ کے پرنس ہیری اور ان کی اہلیہ میگن اپنے نوزائیدہ بیٹے آرچی کے ساتھ فیملی کے طور پر اپنے پہلے سرکاری دورہ کا آغاز پیر سے کریں گے جہاں وہ گڑبڑ زدہ جنوبی افریقہ کا دورہ کریں گے جہاں حالات انتہائی دگرگوں ہیں اور خود ملک کے صدر کا یہ کہنا ہیکہ جنوبی افریقہ میں اس وقت خواتین اور بچے انتہائی غیرمحفوظ ہیں۔ یاد رہیکہ جنوبی افریقہ میں ایک یونیورسٹی کی طالبہ کی عصمت ریزی اور قتل معاملہ اب تک سرد نہیں ہوا ہے۔ خاطیوں نے یہ گھناؤنا کام ایک پوسٹ آفس میں انجام دیا تھا جس کے بعد ہزاروں خواتین سڑکوں پر آ گئی تھیں اور احتجاجی مظاہرے کئے تھے۔ اعدادوشمار کے مطابق جنوبی افریقہ میں ہر روز تقریباً 100 خواتین کی عصمت ریزی کے واقعات رونما ہوتے ہیں۔ ہیری اور میگن (ڈچس آف سسیکس) کے دورہ کا مقصد بھی خواتین کو بااختیار بنانا ہے۔ علاوہ ازیں وائلڈ لائف پروٹکشن، تجارت، دماغی صحت اور بارودی سرنگوں کو ہٹایا جانا بھی ان کے پروگرام میں شامل ہے۔ یہ وہ شعبے ہیں جن پر کبھی پرنس ہیری کی والدہ آنجہانی شہزادی ڈائنا نے بھی برسوں پہلے اپنے افریقی دورہ کے دوران توجہ دی تھی۔ بہرحال جنوبی افریقہ میں عوام پرنس ہیری اور میگن کی آمد سے خوش ہیں کیونکہ وہ خود بھی خواتین کو بااختیار بنانے کی وکالت کرتی ہیں۔ وہ سب سے پہلے لڑکیوں کے ایک سیلف ڈیفنس کلاس کا دورہ کریں گی۔ 2 اکٹوبر کو شاہی خاندان کے دورہ کا اختتام ہوگا۔