پرنیت سے کے ٹی آر ، ہریش راؤ اور وزراء کے فونس بھی ٹیاپ

   

کال ریکارڈنگ کے لیے خصوصی تین وار رومس قائم کرنے کا بھی انکشاف
حیدرآباد۔20۔مارچ(سیاست نیوز) پرنیت کے ذریعہ جس نے اپوزیشن قائدین کے فون ٹائپ کروائے ہیں اسی نے کے ٹی آر اور ہریش راؤ کے فون کی بھی ٹائپنگ کو یقینی بناتے ہوئے ان کے فون کی تفصیلات بھی حاصل کی تھی۔ پرنیت نے اس وقت کے اپوزیشن قائدین اے ریونت ریڈی یا بنڈی سنجے یاان کے افراد خاندا ن کے فون کال سننے یا انہیں ریکارڈکرنے کا کام انجام نہیں دیا بلکہ وہ اس وقت کے ریاستی وزراء کے ٹی راما راؤ اور مسٹر ٹی ہریش راؤ کے فون کالس بھی سننے کے اقدامات کررہے تھے اور ان کی بھی ریکارڈنگ کی جار ہی تھی۔بتایا جاتا ہے کہ پرنیت نے جس کسی کے کہنے پر یہ کام انجام دیا ہولیکن اس سے کام لینے والوں نے محض اپوزیشن قائدین کو ہی نہیں بلکہ کے سی آر کے خاندان میں جاری سرگرمیوں پر بھی گہری نظر رکھی جا رہی تھی۔بتایاجاتا ہے کہ اس بات کا انکشاف ہوا ہے کہ پرنیت نے کے ٹی آر اور ہریش راؤ کے فون بھی ٹائپ کئے ہیں اور ان کے ریکارڈس بھی رکھے ہوئے ہیں۔ذرائع کے مطابق اب تک کی تحقیقات کے دوران اس بات کا انکشاف ہوا ہے کہ پرنیت نے فون ٹائپنگ کے علاوہ ان ریکارڈس کو جمع کرنے کے لئے جملہ تین وار روم قائم کرتے ہوئے ان مقامات سے فون کالس کو سننے کے علاوہ ان سے موصول ہونے والے پیغامات کو روانہ کرنے کے اقدامات کیا کرتا تھا ۔بتایاجاتا ہے کہ اس نے شہر حیدرآباد میں ایک ذرائع ابلاغ ایجنسی کے دفتر میں اپنا وار روم قائم کیا تھا جبکہ سرسلہ اور ورنگل میں بھی اس نے اپنے وار روم قائم کررکھے تھے ۔کے سی آر کے خاندان بالخصوص کویتا ‘ کے ٹی آر اور ہریش راؤ کے درمیان نااتفاقیوں کے سلسلہ میں کئی مرتبہ اطلاعات منظر عام پر آتی رہی ہیں لیکن اس کے باوجود یہ خاندان بظاہر متحد و طاقتور نظر آتارہا ہے لیکن اب جبکہ پرنیت کی فہرست میں ہریش راؤ اور کے ٹی آر کے نام کے ساتھ ہی نئی ہلچل پیدا ہوگئی ہے اور اب یہ استفسار کیا جانے لگا ہے کہ پرنیت کا آپریٹر کون ہے اور اسے کس کے ذریعہ آپریٹ کیا جارہا تھا کیونکہ گذشتہ یوم سابق ریاستی وزیر ای دیاکر راؤ کا نام منظرعام پر آنے کے بعد انہوں نے اس کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کا فون ٹائپنگ معاملہ سے کوئی تعلق نہیں ہے اور نہ ہی پرنیت سے ان کا کوئی تعلق ہے۔مسٹر ای دیاکر راؤ کے متعلق یہ دعویٰ کیا جار ہاہے کہ ورنگل میں چلائے جانے والے وار روم کی نگرانی وہ خود کیا کرتے تھے اور انہیں اس سلسلہ میں تمام رپورٹس دی جاتی تھیں۔پرنیت نے ریاست میں اقتدار کی تبدیلی کے ساتھ ہی کئی ریکارڈس کو تلف کرنے کے علاوہ خانگی ہارڈ ڈسک میں ریکارڈس کو منتقل کرنے کے اقدامات کئے تھے اور یہ تمام تفصیلات تفتیش کرنے والوں کو حاصل ہونے لگی ہیں اور کہا جا رہاہے کہ آئندہ چندیوم کے دوران اس معاملہ میں مزید سنسنی خیز انکشافات ہوں گے۔3