پروفیسر فاطمہ پروین کا ادبی خواتین میں نمایاں مقام

   

پروفیسر حمیرہ سعید کی کتاب’’ بلبل دکن‘‘کی رسم اجراء ،سرکردہ اساتذہ کا خطاب
حیدرآباد 13 ستمبر( پریس نوٹ )حیدرآباد دکن کی تاریخ میں پروفیسر فاطمہ پروین کا نام نمایاں ہے اور نمایاں رہیگا سینکڑوں افراد کی شخصیت سازی میں انہوں نے جو نمایاں رول انجام دیا ہے وہ ناقابل فراموش ہے۔ ان خیالات کا اظہار ممتاز دانشوران علم و اردو ادب نے پروفیسر حمیرہ سعید کی حیات و خدمات پر مرتب کردہ کتاب “بلبل دکن پروفیسر فاطمہ پروین”( مضامین و مقالات) کی رسم اجرا کے موقع پر میڈیا پلس آڈیٹوریم گن فاؤنڈری حیدرآباد میں کیا جس کا اہتمام میڈیا پلس فاؤنڈیشن اور انجمن ریختہ گویان حیدرآبادکی جانب سے کیا گیا تھا تقریب کی صدارت پروفیسر مظفر علی شہہ میری نے کی اور اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ پروفیسر فاطمہ پروین کی یہ کتاب اوراق کا مجموعہ نہیں بلکہ ایک مخلص شاگردہ حمیرہ سعید کی کاوشوں اور محنت شاقہ کا نتیجہ ہے۔ پروفیسر ایس اے شکور ڈائریکٹر دائرۃ المعارف عثمانیہ یونیو رسٹی نے کہا کہ استاد کی پہچان اس کے شاگرد سے ہوتی ہے۔ پروفیسر سید فضل اللہ مکرم نے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پروفیسر فاطمہ بیگم ایک بہترین مقرر تھیں۔ پروفیسر آمنہ تحسین نے کہا کہ پروفیسر فاطمہ پروین کی شخصیت، اوصاف، استادانہ مہارت سے وہ بے حد متاثر ہوئی ہیں اور ان سے جب میرا تعلق قائم ہوا تو ایک ماں جیسا تعلق قائم ہو گیا وہ نہیں رہی لیکن ان کی خوشگوار یادیں ہمارے ساتھ اب بھی باقی و برقرار ہیں۔