پروفیسر وسیم حنیف کو برطانیہ کا اعلیٰ ترین سویلین ایوارڈ

   

طب کے شعبہ میں نمایاں خدمات پر آرڈر آف برٹش ایمپائر سے نوازا گیا
حیدرآباد ۔15 ۔ جون (سیاست نیوز) پروفیسر وسیم حنیف کو برطانیہ اور کامن ویلتھ کے اعلیٰ ترین سویلین ایوارڈ سے نوازا گیا۔ صحت بالخصوص ذیابیطس کے شعبہ میں نمایاں خدمات پر پروفیسر وسیم کو آرڈر آف برٹش ایمپائر کا اعزاز دیا گیا جو برطانیہ کا اعلیٰ ترین سویلین ایوارڈ ہے اور شاہِ برطانیہ کی سالگرہ پر کئے جانے والے ایوارڈس کی فہرست میں شامل ہے۔ پروفیسر وسیم حنیف کی حیدرآباد کے ایک معزز خاندان میں پیدائش ہوئی اور وہ جناب محمد حنیف اور محترمہ شاہجہاں بیگم کے فرزند ہیں۔ اسکولی تعلیم حیدرآباد کے سینٹ جارج گرامر اسکول سے حاصل کی اور گاندھی میڈیکل کالج سے ایم بی بی ایس کی تکمیل کی۔ 1995 میں وہ برطانیہ پہنچے اور رائل کالج آف فزیشن لندن سے MRCP اور FRCP کی ڈگری حاصل کی۔ یونیورسٹی آف برمنگھم سے MD کی تکمیل کی۔ انہوں نے یونیورسٹی ہاسپٹلس برمنگھم میں ذیابیطس اور انڈو کرینالوجی میں اسپیشلسٹ کی ٹریننگ کی تکمیل کی۔ 2003 سے وہ کنسلٹنٹ کے طورپر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ پروفیسر وسیم حنیف برطانیہ کی مختلف یونیورسٹیز میں اعزازی اور وزیٹنگ پروفیسر کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکے ہیں۔ ذیابیطس ، موٹاپا اور دیگر صحت سے متعلق امور میں پروفیسر حنیف عالمی سطح پر اتھاریٹی کی حیثیت شناخت رکھتے ہیں۔ انہوں نے ہیلت پالیسی اور ہیلت کیر کے شعبہ جات میں کئی اداروں کے ساتھ اشتراک کیا ہے۔1/k/m/b