پرگی میں نرسنگ طالبہ کا بے دردانہ قتل

   

بہنوئی کی زدوکوبی، والد اور بھائی سے پولیس کی پوچھ تاچھ
حیدرآباد : /11 جون (سیاست نیوز) ضلع وقار آباد کے پرگی علاقہ میں پیش آئے ایک وحشیانہ قتل میں نوجوان نے نرسنگ کی طالبہ کا بے دردانہ طور پر قتل کردیا ۔ پولیس کے مطابق 19 سالہ سریشا کی نعش آج صبح کالاپور منڈل میں واقع پانی کے کنٹہ میں خون میں لت پت حالت میں پائی گئی ۔ نعش کی دستیابی کے بعد علاقہ میں سنسنی پھیل گئی اور فوری پرگی پولیس کو اس سلسلہ میں اطلاع دی گئی ۔ جس کے نتیجہ میں پرگی کے سب انسپکٹر وٹھل ریڈی موقع واردات پر پہنچ کر تحقیقات کا آغاز کردیا ۔ مقامی عوام میں اُس وقت تشویش کی لہر دوڑ گئی جب نوجوان لڑکی کی نعش کی آنکھیں تیز دھار ہتھیار سے باہر نکالی ہوئی پائی گئی اور ہاتھ اور پیر بھی کٹے ہوئے پائے گئے ۔ پولیس نے ابتدائی تحقیقات میں یہ پتہ لگایا کہ مقتولہ کا قتل کرنے کے بعد ہی نعش کو کنٹہ میں پھینکا گیا ۔ سریشا انٹرمیڈیٹ کی تعلیم مکمل کرنے کے بعد وقارآباد کے خانگی میڈیسن کالج میں داخلہ لیا تھا اور زیرتعلیم تھی اور حالیہ دنوں اس کی ماں کو دل کا دورہ پڑنے پر حیدرآباد کے ایک خانگی دواخانہ میں علاج کروایا گیا تھا ۔ ماں کی خرابی صحت کے نتیجہ میں سریشا نرسنگ کالج کو پابندی سے نہیں جارہی تھی ۔ پولیس وقار آباد نے اس قتل کے معاملہ کی تحقیقات کا آغاز کرتے ہوئے سریشا کے بہنوائی انیل کو حراست میں لے کر تفتیش کی جارہی ہے ۔ پولیس کے مطابق سریشا کل رات اپنے مکان سے باہر گئی تھی اور واپس نہیں لوٹی تھی اور آج صبح اس کی نعش پائی گئی ۔ بتایا جاتا ہے کہ اپنے بہنوائی انیل کی جانب سے زدوکوب کئے جانے پر وہ اچانک کل رات گھر سے چلی گئی تھی ۔ اس سلسلہ میں پولیس ہر زاویہ سے تحقیقات کررہی ہے اور مقتولہ لڑکی کے والد اور بھائی سے بھی پوچھ تاچھ جاری ہے ۔ پولیس پرگی نے اس سلسلہ میں قتل کا مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات جاری رکھے ہوئے ہے ۔