پریتی زنٹا کی 8سال بعد فلموں میں واپسی

   

ممبئی۔ 6 اگست (ایجنسیز) بالی ووڈ اداکارہ پریتی زنٹا نے طویل عرصے بعد فلمی دنیا میں واپسی سے قبل انکشاف کیا ہے کہ وہ گزشتہ 8 برس تک فلموں سے اس لیے دور رہیں کیونکہ ان کی پہلی ترجیح اپنے خاندان اور بچوں کی پرورش تھی۔پریتی زنٹا جلد ہدایت کار راج کمار سنتوشی کی فلم ’’بٹوارہ1947‘‘کے ذریعے بڑے پردے پر واپسی کر رہی ہیں، فلم کی ریلیز سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے اپنے 8 سالہ وقفے اور دوبارہ اداکاری کے تجربے پر کھل کر بات کی۔اداکارہ سے پوچھا گیا کہ کیا اتنے طویل وقفے کے بعد کیمرے کے سامنے آنا سائیکل چلانے کی طرح آسان محسوس ہوا؟ اس پر پریتی زنٹا نے اعتراف کیا کہ ابتدا میں کافی گھبراہٹ کا شکار تھی۔انہوں نے بتایا کہ ہدایت کار راج کمار سنتوشی نے شوٹنگ کے پہلے ہی روز فلم کا سب سے مشکل منظر میرے سپرد کر دیا۔پریتی زنٹا نے کہا کہ ساتھی اداکار سنی دیول نے اس مشکل موقع پر میرا حوصلہ بڑھایا۔واضح رہے کہ پریتی زنٹا کی آخری فلم بھیا جی سپر ہٹ 2018 میں ریلیز ہوئی تھی، جس میں ان کے ساتھ سنی دیول بھی مرکزی کردار میں نظر آئے تھے۔فلم بٹوارہ1947 ء میں شبانہ اعظمی، سنی دیول، کرن دیول، علی فضل، ابھیمنیو سنگھ، خوشی ہجارے اور کنیکا کپور سمیت کئی معروف فنکار اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔