پرینکا کے شوہر وڈرا سے ای ڈی کی 5.5 گھنٹے پوچھ تاچھ

,

   

انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ آفس میں آج دوبارہ طلبی، بزنسمین وڈرا پر لندن میں غیرقانونی اثاثے رکھنے کا الزام

نئی دہلی ۔ 6 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) رابرٹ وڈرا جو صدر کانگریس کے برادرنسبتی ہیں، آج ان سے انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ (ای ڈی) نے غیرقانونی بیرونی اثاثوں کو مبینہ طور پر قبضہ میں رکھنے پر غیرقانونی رقمی لین دین کی چھان بین کے سلسلہ میں یہاں تقریباً ساڑھے 5 گھنٹے پوچھ تاچھ کی جبکہ چند روز قبل انہیں شہر کی ایک عدالت نے مرکزی تحقیقاتی ایجنسی کے روبرو حاضری کی ہدایت دی تھی۔ بزنسمین وڈرا کی شریک حیات پرینکا گاندھی سفید ٹویوٹا لینڈ کروزر میں اپنے شوہر کے ساتھ آئیں اور ایس پی جی (اسپیشل پروٹکشن فورس) والے بھی ان کے ساتھ ساتھ رہے۔ پرینکا نے وڈرا کو وسطی دہلی کے جام نگر ہاؤس میں واقع ایجنسی کے دفتر کے باہر چھوڑا۔ جلد ہی وہ گاڑیوں کے اپنے قافلہ کے ساتھ روانہ ہوگئیں۔ وڈرا کی ای ڈی کے روبرو حاضری کو لوک سبھا چناؤ سے قبل کانگریس کے حلیفوں کیلئے سیاسی پیام کے طور پر بھی دیکھا جارہا ہے۔ وڈرا ای ڈی آفس میں تقریباً سہ پہر 3:47 بجے داخل ہوئے جبکہ ان کے وکلاء کی ٹیم ان سے چند منٹ قبل وہاں پہنچ گئی تھی۔ وڈرا تقریباً 9:40 بجے شب دفتر ای ڈی سے اسی کار میں تنہا روانہ ہوگئے جس میں پرینکا نے انہیں وہاں چھوڑا تھا۔ ان کے وکیل نے کہا کہ وڈرا نے ہر سوال کا جواب دیا جو ان سے پوچھا گیا۔ وڈرا کے وکیل سمن جیوتی کھیتان نے ای ڈی آفس کے روبرو منتظر میڈیا والوں کو بتایا کہ ان کے موکل کے خلاف عائد کردہ تمام الزامات غلط ہیں۔ ہم تحقیقاتی ایجنسی کے ساتھ 100 فیصدی تعاون کریں گے۔ جب کبھی انہیں طلب کیا جائے وہ آئیں گے۔ عہدیداروں نے کہا کہ وڈرا کو کل جمعرات کو دوبارہ طلب کیا گیا ہے۔ یہ پہلی مرتبہ ہیکہ وڈرا جو یو پی اے چیرپرسن سونیا گاندھی کے داماد ہیں، مشکوک مالیاتی معاملتوں کے مبینہ فوجداری الزامات کے سلسلہ میں کسی تحقیقاتی ایجنسی کے روبرو حاضر ہوئے ہیں۔ وڈرا نے ماضی میں ان الزامات کی تردید کی اور انہیں ان کے خلاف سیاسی انتقامی کوشش قرار دیا۔ راہول کی بہن پرینکا اور وڈرا کی شریک حیات کو حال ہی میں مشرقی اترپردیش کی پارٹی جنرل سکریٹری انچارج مقرر کیا گیا ہے۔ قبل ازیں وڈرا اس کیس میں پیشگی ضمانت چاہتے ہوئے دہلی کی ایک عدالت سے رجوع ہوئے تھے جس نے ان سے کہا تھا کہ لندن سے واپسی کے بعد چہارشنبہ کو ای ڈی کے روبرو حاضر ہوں۔ سرکاری ذرائع نے کہا کہ وڈرا سے مختلف نوعیت کے سوالات ہوں گے جن کا تعلق معاملتوں، لندن میں بعض غیرمنقولہ اثاثوں کی خریدی اور ان کو قبضہ میں رکھنا سے متعلق ہیں۔ ان کے بیان کو قانون انسداد غیرقانونی رقمی لین دین (پی ایم ایل اے) کے تحت ریکارڈ کیا جائے گا۔ یہ کیس لندن کی ایک پراپرٹی کی خریدی میں غیرقانونی رقمی لین دین کے الزامات سے متعلق ہیں۔ یہ پراپرٹی 12، بریانسٹن اسکوائر میں واقع ہے اور اس کی مالیت 1.9 ملین پاونڈ بتائی جاتی ہے۔ یہ جائیداد مبینہ طور پر وڈرا کی ملکیت ہے۔ ایجنسی نے عدالت کو بتایا تھا کہ اس نے لندن میں وڈرا سے تعلق رکھنے والی مختلف نئی جائیدادوں کے تعلق سے معلومات حاصل کئے ہیں۔

میں میری فیملی کے ساتھ ہوں ، پرینکا کا بیان
اس دوران پرینکا گاندھی وڈرا نے نئی دہلی میں کانگریس ہیڈکوارٹرس میں جہاں وہ پارٹی جنرل سکریٹری کی حیثیت سے جائزہ حاصل کرنے پہنچی، کہا: ’’میںمیری فیملی کے ساتھ کھڑی ہوں‘‘۔ ان کے ریمارکس ان کے شوہر کے تعلق سے سوال کے جواب میں سامنے آئے، جن سے انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ غیرقانونی بیرونی اثاثہ جات کو مبینہ طور پر قبضہ میں رکھنے سے متعلق منی لانڈرنگ کیس کے سلسلہ میں پوچھ تاچھ کررہا ہے۔