پرینکا گاندھی کی کامیابی پر گاندھی بھون میں جشن

   

مہاراشٹرا میں مودی۔ شاہ کی نہیں امبانی اڈانی کی کامیابی، وی ہنمنت راؤ کا دعویٰ

حیدرآباد ۔ 23 نومبر (سیاست نیوز) پرینکا گاندھی کی بھاری اکثریت سے کامیابی پر گاندھی بھون میں کانگریس قائدین و کارکنوں نے جشن منایا۔ ان کی تصویر کو دودھ سے نہلایا گیا۔ اس پروگرام میں سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ اور فیشریز کارپوریشن کے صدرنشین میٹو سائی کمار کے علاوہ دوسروں نے شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وی ہنمنت راؤ نے کہا کہ وائناڈ کے ضمنی انتخابات میں پہلی مرتبہ مقابلہ کرتے ہوئے کانگریس کی امیدوار پرینکا گاندھی نے 4 لاکھ سے زائد ووٹوں کی اکثریت سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے ایک نئی تاریخ بنائی ہے۔ ملک کے عوام بالخصوص کانگریس کے کارکن پرینکا گاندھی میں اندرا گاندھی کی جھلک دیکھ رہے ہیں۔ قائد اپوزیشن لوک سبھا راہول گاندھی پارلیمنٹ میں عوامی مسائل پر مرکزی حکومت کو گھسیٹ رہے ہیں۔ پرینکا گاندھی کے پارلیمنٹ میں پہنچ جانے سے کانگریس پارٹی کا موقف مزید مستحکم ہوجائے گا۔ عوامی مسائل بالخصوص خواتین کے مسائل پر کانگریس پارٹی اپوزیشن کا تعمیری رول ادا کرے گی اور 2029ء کے لوک سبھا انتخابات میں دونوں بھائی بہن راہول گاندھی اور پرینکا گاندھی کانگریس کو برسراقتدار لانے میں اہم رول ادا کریں گے۔ پرینکا گاندھی ملک کے مختلف ریاستوں کا دورہ کرتے ہوئے کانگریس پارٹی کو اقتدار میں لانے میں اہم رول ادا کرے گی۔ وی ہنمنت راؤ نے کہا کہ مہاراشٹرا میں بی جے پی اتحاد نے دولت کو پانی کی طرح بہاتے ہوئے کامیابی حاصل کی ہے۔ مہاراشٹرا میں بی جے پی اتحاد کی کامیابی مودی اور شاہ کی کامیاب نہیں ہے بلکہ اڈانی اور امبانی کی کامیابی ہے۔2