کانگریس امیدوار شیخ اکبر کی کامیاب مہم، مجلس کی ہراسانی کے باوجود کارکنوں میں جوش و خروش
حیدرآباد۔/26 نومبر، ( سیاست نیوز) حلقہ لوک سبھا حیدرآباد کے ملک پیٹ اسمبلی حلقہ میں مقابلہ دلچسپ موڑ پر آچکا ہے۔ کانگریس پارٹی نے حلقہ میں پہلی مرتبہ اپنی مضبوط گرفت بنالی ہے اور عجب نہیں کہ رائے دہندے تبدیلی کے رجحان کے تحت کانگریس امیدوار شیخ اکبر کو کامیاب کرتے ہوئے اسمبلی میں اپنے نمائندہ کے طور پر روانہ کریں۔ بائیں بازو جماعتوں اور مختلف مسلم تنظیموں کے تعاون سے ملک پیٹ میں کانگریس کی انتخابی مہم عروج پر ہے اور کانگریس سے خوفزدہ مقامی قیادت نے ہراسانی کے ذریعہ کانگریس کیڈر کے حوصلوں کو پست کرنے کی کوشش کی ہے۔ پولیس کے ذریعہ کانگریس کارکنوں کے خلاف جھوٹے مقدمات کی دھمکیاں دی جارہی ہیں۔ پدیاترا کے موقع پر مقامی جماعت اور پولیس کی جانب سے مختلف رکاوٹوں کے باوجود کانگریس امیدوار نے عوامی ہمدردی حاصل کرنے میں کوئی کسر باقی نہیں رکھی ہے۔ جمہوری انداز میں الیکشن کمیشن کے قواعد کے عین مطابق انتخابی مہم چلائی جارہی ہے جسے عوام نے بھرپور تائید کا بھروسہ دلایا ہے۔ ملک پیٹ اسمبلی حلقہ میں منعقدہ انتخابی جلسہ سے سی پی آئی کے قومی سکریٹری سید عزیز پاشاہ نے خطاب کرتے ہوئے عوام کو مشورہ دیا کہ وہ خدمت کا جذبہ رکھنے والے شیخ اکبر کو کامیاب بنائیں تاکہ مقامی جماعت کی اجارہ داری ختم ہو۔ حلقہ میں سلم علاقوں کی ترقی اور نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی پر توجہ دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی مہم میں عوام کی شمولیت سے اندازہ ہوتا ہے کہ ملک پیٹ کا نتیجہ چونکا دینے والا رہے گا۔ شیخ اکبر نے کہا کہ وہ دھمکیوں اور ہراسانی سے خوفزدہ نہیں ہوں گے بلکہ ترقی کے ایجنڈہ کے ساتھ کام کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملک پیٹ کے رائے دہندے تبدیلی کے حق میں ہیں اور حیدرآباد میں ملک پیٹ اسمبلی حلقہ کا نتیجہ انقلابی نوعیت کا رہے گا۔ انہوں نے تیقن دیا کہ حلقہ اسمبلی ملک پیٹ کو غیرقانونی سرگرمیوں سے نجات دلانے کیلئے وہ ہر ممکن مساعی کریں گے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ 30 نومبر کو اولین وقت میں اپنے ووٹ کا استعمال کرتے ہوئے کانگریس کو کامیاب بنائیں۔ اپنے حق رائے دہی سے استفادہ کرتے ہوئے ووٹنگ فیصد میں اضافہ کرنا چاہیئے۔