ڈائیٹ اور کاسمیٹک چارجس میں اضافہ، 20 اقامتی ہاسٹلس کی تعمیر کیلئے 100 کروڑ کی منظوری
حیدرآباد۔یکم؍ جنوری، ( سیاست نیوز) وزیر بہبودی پسماندہ طبقات پونم پربھاکر نے کہاکہ سال 2024 میں پسماندہ طبقات کی بھلائی کیلئے حکومت نے کئی اقدامات کئے۔ پرجا پالنا کے تحت پسماندہ طبقات کی آبادی کے مطابق تحفظات فراہم کرنے کیلئے گھر گھر سروے کا اہتمام کیا گیا جو ملک کیلئے ایک مثال بن چکا ہے۔ تاریخ میں پہلی مرتبہ مختلف بی سی طبقات کی بھلائی کیلئے ویلفیر بورڈز قائم کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ دس برسوں میں پہلی مرتبہ کسی حکومت نے اقامتی اسکولوں اور ہاسٹلس کے ڈائیٹ چارجس میں اضافہ کیا ہے۔ 2024 کے دوران ریونت ریڈی کی زیر قیادت حکومت نے پسماندہ طبقات کی بھلائی کیلئے9200 کروڑ بجٹ مختص کیا تھا۔ گذشتہ سال بجٹ میں بہبودی پسماندہ طبقات کیلئے 2971.32 کروڑ مختص کئے گئے تھے۔ کانگریس حکومت کے قیام کے بعد پسماندہ طبقات کی بھلائی پر توجہ دی گئی ہے۔ حکومت نے تاڑی تاسندوں کیلئے 10 ہزار پروٹیکشن کٹس تقسیم کئے۔ تلنگانہ بی سی کمیشن تشکیل دیا گیا ہے۔ بی سی کمیشن نے تمام اضلاع کا دورہ کرتے ہوئے پسماندہ طبقات کے موقف کا جائزہ لیا تاکہ مجالس مقامی میں پسماندہ طبقات کے تحفظات کا تعین کیا جاسکے۔ حکومت نے مجالس مقامی میں تحفظات کیلئے ڈیڈیکیٹڈ (خصوصی ) کمیشن ریٹائرڈ آئی اے ایس عہدیدار بی وینکٹیشورراؤ کی قیادت میں تشکیل دیا ہے۔ پونم پربھاکر نے کہا کہ پسماندہ طبقات کی حقیقی آبادی کا پتہ چلانے کیلئے گھر گھر سروے کا اہتمام کیاگیا جس کی تجویز کانگریس قائد راہول گاندھی نے پیش کی تھی۔ اقامتی اسکولوں اور ہاسٹلس میں کاسمیٹک چارجس میں 40 فیصد کا اضافہ کیا گیا۔ سابق میں ڈائیٹ چارجس تیسری تا پانچویں جماعت کیلئے 950 روپئے تھے جسے بڑھا کر 1330 روپئے کیا گیا ہے۔ آٹھویں سے دسویں جماعت کیلئے سابق میں 1100 روپئے ڈائیٹ چارجس تھے جنہیں بڑھا کر 1540 روپئے کیاگیا۔ انٹر اور پوسٹ گریجویشن کیلئے چارجس کو بڑھا کر 1500 سے 2100 کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اقامتی اسکولوں کی ذاتی عمارتوں کی تعمیر کیلئے انٹیگریٹیڈ اقامتی اسکول کامپلکس تعمیر کررہی ہے۔ بی سی ہاسٹلس کی 20 عمارتوں کیلئے 100 کروڑ روپئے مختص کئے گئے۔ بی سی ہاسٹلس کی عمارتوں کو مفت برقی سربراہ کی جارہی ہے۔ پونم پربھاکر نے کہا کہ یادو، کرما، منورکاپو، پدماشالی، پیریکا، لنگایت، گنگاپترا جیسے طبقات کیلئے ویلفیر بورڈ قائم کئے گئے ہیں۔1