پلواما انکاونٹر : جئیش محمد کے تین دہشت گرد ‘ فوجی میجر ‘ 4 اہلکار ہلاک

,

   

سرینگر۔ 18 فبروری ۔(سیاست ڈاٹ کام) جنوبی کشمیر میںایک گھسمان انکاونٹر میںجئیش محمد کے تین دہشت گرد بشمول دو اعلی کمانڈر ‘ جو شائد پلواما حملے کے پس پردہ محرک تھے ‘ ہلاک ہوگئے ۔ اس انکاونٹر میں ایک فوجی میجر اور سکیوریٹی فورسیس کے چار اہلکار بھی مارے گئے ۔ فائرنگ کے تبادلہ میں ایک عام شہری بھی ہلاک ہوگیا ۔ یہ انکاونٹر پلواما ضلع کے پنگلان علاقہ میں پیش آیا ۔ ڈی آئی جی ( ساوتھ کشمیر ) امیت کمار‘ ایک بریگیڈئیر ‘ ایک لفٹننٹ کرنل ‘ ایک میجر اور چار دوسرے رینک کے فوجی اہلکار زخمی بھی ہوئے ہیں۔ دو مہلوک دہشت گردوں کی کامران اور عبدالرشید کی حیثیت سے شناخت ہوئی ہے ۔ یہ دونوں جئیش کے خود ساختہ ڈویژنل کمانڈرس تھے ۔ تیسرے کی ہلال کی حیثیت سے شناخت ہوئی ہے جو پنگلان کا ساکن تھا ۔ جموں و کشمیر پولیس پلواما حملے کے بعد سے کامران اور عبدالرشید کی تلاش میں تھی ۔ ایک پولیس ترجمان نے کہا کہ تمام تین مہلوک دہشت گرد مطلوب تھے کیونکہ وہ کئی دہشت گردانہ جرائم میں ملوث رہے تھے ۔ کامران نے مفتی وقاص کی موت کے بعد آپریشنل کمانڈر کی ذمہ داری سنبھالی تھی ۔ حالیہ سی آر پی ایف حملہ میں بھی اس کے رول کا جائزہ لیا جا رہا ہے ۔ انکاونٹر میں مہلوک سپاہیوں کی میجر وی ایس دھونڈیال ‘ حوالدار شیو رام اور سپاہی ہری سنگھ اور اجئے کمار کی حیثیت سے ہوئی ہے ۔ ہیڈ کانسٹیبل عبدالرشید کلاس بھی ہلاک ہوگئے ۔ کہا گیا کہ علاقہ میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع کے بعد تلاشی مہم شروع کی گئی تھی ۔ دہشت گردوں کی فائرنگ کے بعد یہ انکاونٹر ہوا ۔