پنت کو بہترین مقام، روہت اور اشون کو ترقی

   

دبئی ۔ ہندوستانی اوپنر روہت شرما ، آف اسپن آل راؤنڈر روی چندرن اشون اور وکٹ کیپر رشبھ پنت نے انگلینڈ کے خلاف چینائی میں دوسرے ٹسٹ میں317 رنز کی تاریخی کامیابی میں اپنے اہم تعاون کی بدولت آج تازہ آئی سی سی ٹسٹ درجہ بندی میں چھلانگ لگائی ہے ۔آئی سی سی ٹسٹ بیٹنگ درجہ بندی میں پنت اپنے کیریئر کی بہترین11 ویں مقام پر پہنچ گئے ۔ پنت نے ہندوستان کی پہلی اننگز میں نصف سنچری بنائی تھی۔ وہ اپنے گزشتہ چار ٹسٹ میں مسلسل نصف سنچری بناچکے ہیں اور اس کارکردگی کی بدولت انہیں بہترین فائدہ ملا۔دوسرے ٹسٹ کی پہلی اننگز میں161 رنز بنانے والے روہت نے نو مقامات کی بہتری کے ساتھ 14 واں مقام حاصل کرلیا ہے۔ نومبر 2019 میں روہت کی 10 ویں مقام کے بعد سے یہ بہترین درجہ بندی ہے ۔دوسری اننگز میں سنچری بنانے والے اور پورے میچ میں انگلینڈ کے آٹھ کھلاڑیوں کو اپنا شکاربنانے والے میچ کے اصل ہیرو اشون بھی بیٹنگ میں 14 مقامات کی بہتری کے ساتھ81 ویں نمبر پر آگئے ہیں۔ اشون بولروں کی فہرست میں بھی ساتویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں ۔