پنت کو نمبر چار سے ہٹانا بہتر ہوگا: لکشمن

   

نئی دہلی ۔ 23 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی وکٹ کیپر بیٹسمین رشپھ پنت کا فطری اور جارحانہ کھیل نمبر چار پر ان کیلئے مسائل پیدا کررہا ہے لہٰذا انہیں نمبر چار سے ہٹا کر لوور آرڈر میں بیٹنگ کیلئے روانہ کیا جانا چاہئے۔ ان خیالات کا اظہار ہندوستانی ٹیم کے سابق عظیم بیٹسمین وی وی ایس لکشمن نے کیا۔ مہیندر سنگھ دھونی کے بعد پنت کو ان کا جانشین تصور کیا جارہا ہے لیکن وہ اکثر مواقع پر اپنی وکٹ آسان طریقہ سے بولر کے نام کرتے ہوئے ٹیم کیلئے مشکلات کھڑی کررہے ہیں۔ لکشمن نے کہا ہیکہ پنت کے مسائل کا ایک آسان علاج یہی ہیکہ انہیں نمبرچار پر بیٹنگ کیلئے روانہ کرنے کی بجائے لوور آرڈر میں استعمال کرنا چاہئے تاکہ جارحانہ بیٹنگ کا نہ صرف بیٹسمین کو فائدہ ہو بلکہ ان کی صلاحیتوں سے ٹیم کی کامیابیوں میں بھی اہم رول ادا ہو۔ لکشمن کے بموجب پنت کو پانچویں یا چھٹویں نمبر پر بیٹنگ کرنی چاہئے جہاں بیٹسمین کو یہ اجازت مل چکی ہیکہ وہ تیزی سے رنز بنائے۔ نمبر چار پر بیٹنگ کے وقت پنت کو کسی قدر وکٹ پر ٹھہر کر بیٹنگ کرنا پڑ رہا ہے اور صبرآزما اننگز میں پنت ناکام ہورہے ہیں۔ لکشمن کے بموجب 21 سالہ پنت اس وقت دباؤ کے حالات سے گذر رہے ہیں جیسا کہ ہر کھلاڑی کے کریئر میں ایسا موقع آتا ہے۔ پنت خود کو ثابت کرنے کیلئے حتی المقدور کوشش کررہے ہیں لیکن بدقسمتی سے وہ اس میں کامیاب نہیں ہورہے ہیں۔ لکشمن کے بموجب شریاس ایئر اور ہاردک پانڈیا نمبر چار پر صحیح ہیں۔