پنت کی سنچری ’ ہندوستان کا موقف مستحکم

   


احمد آباد۔ وکٹ کیپر بیٹسمین رشبھ پنت(101) نے ہندوستان کی سرزمین پر اپنی پہلی اور مجموعی طور پر تیسری سنچری اسکورکرتے ہوئے ہندوستان کوانگلینڈ کے خلاف چوتھے اورآخری ٹسٹ میچ کے دوسرے دن نازک حالات سے نکال کر89 کی اہم برتری دلاکر مستحکم موقف میں پہنچادیا۔پنت نے آل راؤنڈر واشنگٹن سندر (ناٹ آؤٹ 60) کے ساتھ چھٹی وکٹ کے لئے 113 رن کی قیمتی شراکت کرکے ہندوستان کو اس مقابلے میں بہتر موقف پر پہنچادیا۔ پنت نے 118 گیندوں پر101 رنز میں 13 چوکے اور2 چھکے لگائے ۔ یہ ان کی تیسری سنچری رہی جبکہ ہندوستان کی سرزمین پر یہ ان کی پہلی سنچری ہے ۔ پنت نے انگلینڈ کے کپتان جو روٹ کی گیند پر چھکا لگا کر اپنی سنچری مکمل کی لیکن سنچری مکمل ہونے کے بعد وہ فاسٹ بولر جیمز اینڈرسن کی گیندپر روٹ کو کیچ تھما بیٹھے ۔نوجوان وکٹ کیپر بیٹسمین پنت اب ہندوستانی وکٹ کیپروں میں سب سے زیادہ سنچریاں بنانے کی دوڑ میں میں ردھیمان ساہا کی برابری پر آگئے ہیں۔ ساہا کی بھی تین سنچریاں ہیں۔ سابق ہندوستانی کپتان مہندر سنگھ دھونی کے نام چھ سنچری بنانے کا ریکارڈ ہے ۔پنت کے پچھلے کچھ میچوں میں نائٹیز (90 ) میں پہنچنے کے باوجود سنچری مکمل نہیں کرپارہے تھے لیکن اس مرتبہ انہوں نے نائٹیز میں کچھ ہچکاہٹ دکھانے کے باوجود آخر روٹ کی گیند پر شاندارچھکا لگاتے ہوئے سنچری مکمل کرلی۔ پنت نے دورہ آسٹریلیا میں 97، ناٹ آوٹ 89 اور 91 رنز کی اننگز کھیلی۔ جیسے ہی پنت نے اپنی سنچری مکمل کی انہوں نے نے اپنا ہیلمیٹ اتارکر آسمان کی طرف دیکھا اور خدا کا شکر ادا کیا.۔ پویلین میں موجود ساتھی کھلاڑیوں نے تالیاں بجا کر نوجوان کی بے مثال اننگز کو داد دی ۔ان کی اس سنچری نے ہندوستان کو پانچ وکٹ پر146 رن کے نازک حالات سے نکالا۔ پنت کو سندر کا اچھا ساتھ ملا جنہوں نے117 گیندوں پر آٹھ چوکوں کی مدد سے ناٹ آوٹ 60 رنز بنائے ہیں۔ سندر نے اکشر کے ساتھ آٹھویں وکٹ کی ناٹ آوٹ شراکت میں 35 رن جوڑڈالے ہیں۔ پٹیل11 رن بناکرکریز پر ہیں۔