پنجہ گٹہ میں ڈاکٹر امبیڈکر مجسمہ کیلئے ہنمنت راؤ کی مہم

   

حیدرآباد۔/12 اپریل، ( سیاست نیوز) سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ نے 14 اپریل کو پنجہ گٹہ چوراہے پر ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کا مجسمہ نصب کرنے کا مطالبہ کیا۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ہنمنت راؤ نے کہا کہ پنجہ گٹہ میں تنصیب کے وقت دو سال قبل مجسمہ ضبط کرلیا گیا تھا اور انہوں نے نیا مجسمہ تیار کروایا جو پولیس کی تحویل میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو دلتوں سے اپنی ہمدردی کا ثبوت پیش کرنے کیلئے 14 اپریل ڈاکٹر امبیڈکر کی جینتی کے موقع پر مجسمہ نصب کرنا چاہیئے۔ انہوں نے بی ایس پی قائد آر ایس پروین کمار سے اس بارے میں موقف کی وضاحت کا مطالبہ کیا۔ ہنمنت راؤ نے چیف جسٹس تلنگانہ ہائی کورٹ سے اس معاملہ میں مداخلت کی اپیل کی اور کہا کہ وہ مجسمہ کی تنصیب کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین سے بات چیت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر دلتوں کے ساتھ دھوکہ کررہے ہیں۔ دلت بندھو اسکیم صرف انتخابی فائدہ کیلئے شروع کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ مجسمہ امبیڈکر کی تنصیب کے ذریعہ کے سی آر کو اپنی سنجیدگی ثابت کرنی چاہیئے۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ وہ گاؤں گاؤں دورہ کرتے ہوئے دلتوں میں شعور بیدار کریں گے۔ انہوں نے ریونت ریڈی اور بھٹی وکرامارکا سے اس بارے میں اظہار خیال کرتے ہوئے حکومت پر دباؤ بنانے کا مطالبہ کیا۔ ر