پنچایت انتخابات کا دوسرا مرحلہ ‘88 فیصد پولنگ

   

حیدرآباد 25 جنوری ( پی ٹی آئی ) تلنگانہ میں پنچایت انتخابات کے آج دوسرے مرحلہ میں 88 فیصد ووٹ ڈالے گئے ۔ عہدیداروں نے یہ بات بتائی ۔ ریاست کی 2014 میں تشکیل کے بعد سے پنچایت انتخابات پہلی مرتبہ منعقد کئے جارہے ہیں۔ کہا گیا ہے کہ 37.76 فیصد عوام نے اپنے حق رائے دہی سے استفادہ کیا ہے ۔ ایک سرکاری اعلامیہ میں یہ بات بتائی گئی ۔ پولنگ صبح سات بجے شروع ہوئی اور ایک بجے دن تک جاری رہی ۔ 2 بجے سے گنتی کا کام شروع ہوا ہے ۔ حالانکہ دوسرے مرحلہ میں جملہ 4,135 پنچایتوں کیلئے انتخابات ہونے تھے تاہم 788 پنچایتوں میں بلا مقابلہ انتخاب عمل میں آیا ہے اور پانچ پنچایتوں کیلئے دیگر وجوہات کی بنا پر پولنگ کو موخرکردیا گیا ۔ 3,342 پنچایتوں میں سرپنچ عہدہ کیلئے جملہ 10,668 امیدواروں نے مقابلہ کیا جبکہ 26,191 وارڈز کیلئے 63,480 امیدوار میدان میں تھے ۔ 10,317 وارڈز کیلئے امیدواروں کا بلا مقابلہ انتخاب عمل میں آیا ہے ۔ حالانکہ یہ انتخابات سیاسی جماعتوں اور ان کے نشان کے بغیر منعقد ہوئے ہیں لیکن تقریبا تمام بڑی سیاسی جماعتوں نے اپنے حامیوں اور کارکنوں کی تائید ضرور کی ہے ۔