پنڈتوں پر آنسوگیس شلنگ : بڈگام میں 7ایس ایچ اوز تبدیل

   

سرینگر: کشمیری پنڈت مظاہرین پر طاقت کا استعمال کرنے اور ایل جی کی جانب سے تحقیقات کا حکم جاری کرنے کے بیچ وسطی ضلع بڈگام میں سات پولیس تھانوں میں تعینات ایس ایچ اوز کو تبدیل کیا گیا ہے ۔ایس ایس پی بڈگام کی جانب سے اتوار کے روز جاری ایک حکم نامہ کے تحت ضلع کے سات پولیس تھانوں میں تعینات ایس ایچ او کو ہٹایا گیا۔حکم نامے کے تحت چرار شریف پولیس اسٹیشن، خانصاحب ، بڈگام ، ماگام ، کھاگ اور ضلع پولیس لائنز میں تعینات دو ایس ایچ او کی تبدیلیوں اور تقرریوں کے احکامات صادر کئے ۔معلوم ہوا ہے کہ چاڈورہ پولیس تھانے میں بھی نئے ایس ایچ او کو تعینات کیا گیا ہے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ سینئر پولیس آفیسران کے ساتھ ساتھ بڈگام میں سیول انتظامیہ میں تعینات سینئر آفیسران کی بھی تبدیلیوں کا امکان ہے ۔بتادیں کہ گزشتہ روز شیخ کالونی بڈگام میں کشمیری پنڈت مظاہرین پر پولیس نے طاقت کا استعمال کیا جس دوران نہ صرف لاٹھی برسائیں گئیں بلکہ آنسو گیس شلنگ بھی کی گئی جس کے خلاف زبردست غم وغصہ پایا جارہا ہے ۔ایل جی منوج سنہا نے اتوار کے روز ہی ٹیر گیس شلنگ کرنے کے معاملے کی تحقیقات کرنے کا حکم دیتے ہوئے بتایا کہ جو کوئی بھی آفیسر اس میں ملوث قرار پائے گا اُس کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔