موصوف کے علمی و ادبی خدمات پر مرکز کی جانب سے اعزاز و اکرام، اقلیتوں میں مسرت کی لہر
کاغذ نگر۔ 27 اکٹوبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کاغذ نگر کی علمی و ادبی شخصیت ممتاز شاعر و صحافی جناب ڈاکٹر رحیم رامش کو مرکزی حکومت کی جانب سے ان کی شعری، علمی اور ادبی خدمات کے اعتراف میں ایک پوسٹل اسٹامپ جاری کیا گیا ہے جس میں ان کی تصویر اور ان کا نام شامل ہے۔ ریاستی حکومت نے انھیں متعدد بار انعام و اکرام سے نوازا، جبکہ ’’کارنامۂ حیات ایوارڈ‘‘ قابلِ ذکر ہے جو تلنگانہ اردو اکیڈمی نے دیا۔اب موصوف کی عزت افزائی ریاست سے نکل کر مرکز تک پہنچ گئی ہے، جس سے ان کی شخصیت کا بخوبی اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔ واضح رہے کہ سوائے حیدرآباد کے کسی بھی ریاست میں شعراء کو مرکزی حکومت نے ایسے اعزاز سے نہیں نوازا۔ ڈاکٹر رحیم رامش کو یہ اعزاز نہ صرف کاغذنگر کی عوام کے لئے باعث عزت و افتخار ہے بلکہ پوری ریاست تلنگانہ کے علمی و ادبی حلقوں کے لئے باعث فخر ہے۔ ڈاکٹر رحیم رامش نہایت ہی خوش اخلاق، کم سخن اور سادہ لوح انسان ہیں۔ ان کی شخصیت اس لیے بھی قابلِ قدرہے کہ انھوں نے نہ صرف شاعری کے میدان بلکہ صحافتی اور تعلیمی میدان میں بھی قابل قدر خدمات انجام دی ہیں۔ موصوف کے کئی شعری مجموعے اور نثری کتابیں چھپ کر منظرِ عام پر آ چکی ہیں۔ شاعری میں انھوں نے کئی تجربے کیے ہیں، غیر منقوط غزلیں، فوقانی حروف اور تحتانی حروف میں کلام موجود ہے۔ اس کے علاوہ الف تا ‘ے’ ردیف میں انھوں نے غزلیں کہی ہیں، اور تمام اصنافِ سخن پر طبع آزمائی کی ہے۔ ان کے بارے میں یہ دعویٰ کے ساتھ کہا جا سکتا ہے کہ کاغذ نگر کی تاریخ جب بھی لکھی جائے گی، ان کا نام سنہرے حرفوں میں لکھا جائے گا۔ ڈاکٹر رحیم رامش کو مرکزی حکومت کی جانب سے پوسٹل اسٹامپ پر تصویر شائع کیے جانے پر کاغذ نگر کے علاوہ اطراف اکناف کے علاقوں کے مسلم اقلیتوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ۔ مقامی سیاسی، سماجی، ادبی اور صحافیوں کی جانب سے مبارکبادی پیش کی گئی۔