پولیس فلیگ ڈے ، خون کے عطیہ کیمپ کا انعقاد

   

کاماریڈی ۔25 اکتوبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) پولیس شہداء کی یاد میں منائے جانے والے پولیس فلیگ ڈے ہفتہ کے ضمن میں ضلع ایس پی ایم راجیش چندر کی نگرانی میں انڈین ریڈ کراس سوسائٹی کے اشتراک سے ہفتہ کو ضلع پولیس دفتر کاماریڈی میں میگا خون عطیہ کیمپ منعقد کیا گیا، جسے پولیس عہدیداروں و ملازمین کے علاوہ عوام، طلبہ، نوجوانوں، آٹو ڈرائیورس اور مختلف تنظیموں کے نمائندوں کی جانب سے زبردست ردعمل حاصل ہوا۔ اس کیمپ کے دوران مجموعی طور پر 435 یونٹ خون عطیہ کیا گیا۔ اس موقع پر ضلع ایس پی راجیش چندر نے کہا کہ سماج میں امن و امان کی برقراری اور عوام کے محفوظ مستقبل کے لیے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پولیس شہداء کی خدمات اور قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔ اس کیمپ میں ضلع ایڈیشنل ایس پی کے نارسمہا ریڈی، ڈی ایس پیز، انسپکٹرس، ریزرو انسپکٹرس، سب انسپکٹرس، انڈین ریڈ کراس سوسائٹی کے چیئرمین سنجیوا ریڈی، ریاستی رکن جئے پال ریڈی، تھیلیسیمیا اینڈ سکل سیل سوسائٹی کے نمائندوں، آئی وی ایف سیوادل کے ریاستی چیئرمین بالو، پولیس ملازمین، طلبہ، کالج انتظامیہ، مختلف کالجوں کے پرنسپلز، نوجوانوں، آٹو ڈرائیورس اور مختلف تنظیموں کے ارکان نے جوش و خروش کے ساتھ شرکت کرتے ہوئے خون عطیہ کیا۔