حیدرآباد۔/5 نومبر، ( سیاست نیوز) پولیس نے کانگریس ہیڈ کوارٹر گاندھی بھون میں تشہیری مہم کے طور پر تیار کردہ ایمبسیڈر گاڑیوں کو ضبط کرلیا۔ پردیش کانگریس کمیٹی کے نائب صدر اور انتخابی مہم کے نگرانکار سی ایچ کرن کمار ریڈی نے پولیس کے رویہ کی مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 40 سے زائد پولیس ملازمین نے گاندھی بھون کے احاطہ میں موجود تشہیری گاڑیوں کو ضبط کرلیا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس نے بی آر ایس حکومت کی ناکامیوں اور کرپشن کو بے نقاب کرنے کیلئے تشہیری گاڑیاں تیار کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ پولیس نے حکومت کے اشارہ پر کانگریس کی تشہیری گاڑیوں کو ضبط کیا ہے۔ انہوں نے انتباہ دیا کہ اگر ضبط شدہ گاڑیوں کو واپس نہیں کیا گیا تو کانگریس ریاست بھر میں احتجاج کریگی۔ کالیشورم پراجکٹ کو کے سی آر کا اے ٹی ایم قرار دیتے ہوئے یہ گاڑیاں تیار کی گئی تھیں۔