پولیس کا آپریشن سیف اسکول مہم

   

شہر کے مختلف علاقوں میں پان شاپس کی جانچ، پولیس کمشنر کے بشمول سینکڑوں پولیس ملازمین کی شرکت
حیدرآباد ۔ 18 اپریل (سیاست نیوز) شہر حیدرآباد میں آج پولیس کی جانب سے آپریشن سیف اسکولس کے نام سے خصوصی مہم چلائی گئی۔ اچانک پولیس کی بھاری جمعیت سڑکوں پر نمودار ہوگئی اور پان کی دکانات اور ڈبوں کی جانچ کی۔ کمشنر پولیس حیدرآباد مسٹر وی سی سجنار خود اس آپریشن میں شامل تھے اور انہوں نے مسلم جنگ پل، چراغ علی لین، ریڈہلز، ملے پلی، مہدی پٹنم، گوشہ محل کے علاقوں میں موجود پان شاپس اور دکانات کی جانچ کی۔ سٹی پولیس کے اس خصوصی ’’آپریشن سیف اسکول‘‘ کے تحت تعلیمی اداروں کے قریب موجود پان کی دکانات کی جانچ کی گئی اور 100 گز کی دوری پر کسی بھی پان شاپ کی موجودگی پر پابندی عائد کردی ہے۔ شہر میں کم عمر بچوں بالخصوص اسکولی طلبہ کو تمباکو اشیاء فروخت کرنے پر کمشنر پولیس سجنار نے سنگین نتائج کا انتباہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ تمباکو اشیاء، منشیات کی جانب پہلا قدم ہے اور صرف پولیس ہی کو اس کی ذمہ دار نہیں ہے کہ وہ ان تمام چیزوں کے خلاف اقدام کرے بلکہ اولیائے طلباء اسکولس کے ذمہ داروں کا بھی اولین فریضہ ہے کہ وہ اپنے طلبہ پر توجہ مرکوز کریں۔ اس کے لائف اسٹائل کا اسکولس ٹیچرس اور والدین جائزہ لیتے رہیں۔ بالخصوص چھٹی کے دنوں اور فاضل اوقات بچوں کی سرگرمیوں پر توجہ دیں۔ آج تربیت ہی ایک بڑا چیلنج بن گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس آپریشن سیف اسکول میں 5 ہزار پولیس ملازمین نے حصہ لیا اور 558 دکانات پر بیک وقت دھاوا کیا گیا۔ اس خصوصی ڈرائیو میں ٹاسک فورس، اسپیشل ٹیم ایچ ینیو، ریزرو اور لا اینڈ آرڈر پولیس شامل تھے۔ کمشنر پولیس حیدرآباد نے شہریوں سے درخواست کی کہ وہ کسی بھی اسکول کے قریب اگر کسی کو تمباکو فروخت کرتا ہوا دیکھیں تو فوری ڈائیل 100 یا پھر ایچ ینیو فون نمبر 8712661601 پر اطلاع دیں۔ع H/M