پولیس کا مجرمین کے ساتھ جشن ، منگل ہاٹ پولیس اسٹیشن کی ساکھ متاثر

   

ویڈیو وائرل ، ڈیٹکٹیو انسپکٹر معطل ، کمشنر حیدرآباد سٹی پولیس کا سخت اقدام
حیدرآباد ۔ 26 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : مجرموں کے ساتھ سختی اور انہیں قابو میں رکھنے والے پولیس ملازمین بھی جب ان کے ساتھ جشن منانے لگے تو پھر عام شہریوں کا کیا حال ہوگا ۔ یہ سوال منگل ہاٹ پولیس کے ایک عہدیدار کی حرکت کے بعد شہریوں میں موضوع بحث بنا ہوا ہے ۔ حالانکہ مجرموں کے ساتھ جشن کی وائرل ویڈیو کا سٹی پولیس کمشنر نے سخت نوٹ لیا اور ڈیٹکٹیو انسپکٹر مہیندر ریڈی کو معطل کردیا ۔ مہیندر ریڈی نے گذشتہ روز مجرمین کے ساتھ سالگرہ تقریب منائی اور باضابطہ جشن کا ماحول تیار کیا گیا ۔ اس ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد سٹی پولیس کمشنر سرینواس ریڈی نے اس ویڈیو کی حقیقت کی جانچ کروائی اور اس کے بعد فوری اس ڈی آئی کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے انہیں معطل کردیا ۔ ڈیٹکٹیو انسپکٹر کی اس حرکت کے بعد شہریوں میں یہ سوال پیدا ہوا ہے کہ آخر پولیس کا مجرمین اس طرح کا رویہ کیوں ہے ۔ فرینڈلی پولیسینگ کے متعلق پولیس کے اعلیٰ عہدیداروں نے بارہا وضاحت کردی ہے کہ فرینڈلی پولیسینگ صرف عام شہریوں کے لیے ہے بلکہ مجرمین اور پیشہ وار مجرمین کے ساتھ پولیس سختی سے نمٹے گی۔ ع

جرائم پر قابو پانے والے اور خصوصی طور پر کرائم سے متعلق شعبہ کے نگرانکار عہدیدار کی حرکت پولیس سربراہ کے لیے تشویش کا باعث بنی ہوئی ہے ۔ فرینڈ لی پولیسینگ کی آڑ میں پولیس عہدیداروں پر من مانی کے الزامات منگل ہاٹ ڈیٹکٹیو انسپکٹر کی اس حرکت سے ثابت ہوجاتے ہیں۔۔ ع