پولیس کی تلاشی مہم ، تین کروڑ سے زائد رقم ضبط

   

روڈی شیٹرس کے خلاف بھی کارروائی ، سٹی پولیس کمشنر انجنی کمار
حیدرآباد ۔ /5 اپریل (سیاست نیوز) شہر میں پولیس نے تلاشی مہم کے دوران تین کروڑ سے زائد نقد رقم ضبط کرلی ہے ۔ پولیس کمشنر انجنی کمار نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس بنجارہ ہلز کے ایس راؤ اور انسپکٹر کلینگا راؤ کی زیرنگرانی پولیس کی ٹیم نے تلاشی مہم کے دوران ایک تاجر کی گاڑی کو روک کر تلاشی لی اور اس کے قبضے سے ایک کروڑ نقد رقم برآمد ہوئے ۔ پولیس نے اس شخص کی تفتیش کی جس کے دوران یہ معلوم ہوا ہے کہ مزید رقم کو دیگر مقامات پر چھپا کر رکھا گیا ہے ۔ پولیس نے فی الفور کارروائی کرتے ہوئے 2 کروڑ 30 لاکھ کی رقم بھی ضبط کرلی ۔ پولیس کمشنر انجنی کمار نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف انڈیا کی ہدایت پر حیدرآباد سٹی پولیس چوکس ہے اور کئی مقامات پر تلاشی جاری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمانی انتخابات کے اعلامیہ جاری کئے جانے سے اب تک حیدرآباد شہر میں 9 کروڑ 45 لاکھ رقم ضبط کی گئی ہے جبکہ 135 لیٹر شراب اور گانجہ بھی ضبط کیا جاچکا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات کیلئے خصوصی اقدامات کے تحت پولیس نے 881 غیرضمانتی وارنٹ تعمیل کئے ہیں اور مزید کارروائی کیلئے خصوصی ٹیمیں اور فلائینگ اسکواڈ بھی ڈیوٹی پر متعین کئے گئے ہیں ۔ انجنی کمار نے کہا کہ روڈی شیٹر عناصر اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف بھی کارروائی کی جارہی ہے اور انہیں پابند مچلکہ کیا جارہا ہے ۔