پولیس ہراسانی معاملہ کی عدالتی تحقیقات کا حکم

   

چیف جسٹس ہائیکورٹ نے ضلع جج سے رپورٹ طلب کی
حیدرآباد۔6۔ جنوری (سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ نے ورنگل پولیس کی جانب سے تحقیقات کے نام پر ہراسانی کی شکایت کی عدالتی تحقیقات کی ہدایت دی ہے ۔ ورنگل کے چنا راؤ پیٹ علاقہ میں قتل کے ایک معاملہ میں بانیا نامی شخص کو پولیس نے تفتیش کے نام پر اذیت پہنچائی تھی۔ اس معاملہ میں اخبارات میں شائع شدہ رپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے ہائی کورٹ نے ورنگل کے ضلع پرنسپل جج کو تحقیقات کرتے ہوئے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی ہے۔ چیف جسٹس ستیش چندر شرما اور جسٹس ابھینند کمار شاولی پر مشتمل ڈیویژن بنچ نے 3 جنوری کو ایک اخبار میں شائع شدہ رپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے یہ ہدایت دی ہے۔ چنا راؤ پیٹ منڈل سے تعلق رکھنے والے بانیا کی اہلیہ کملماں نے حال ہی میں پولیس کے اعلیٰ عہدیداروں اور انسانی حقوق کمیشن سے شکایت کی تھی ۔ 2016 ء میں بانیا کی دختر سندھیا کی شادی ستیش نامی شخص سے ہوئی تھی۔ ستیش نے حال ہی میں ایک اور لڑکی سے شادی کرلی ۔ یکم جنوری کو نامعلوم افراد نے ستیش کا قتل کردیا تھا ۔ اس مقدمہ میں بانیا اور ان کی اہلیہ کے علاوہ بعض رشتہ داروں کو 10 دن تک پولیس اسٹیشن میں محروس رکھ کر اذیت دی گئی ۔ کملماں نے شوہر کو جسمانی طور پر اذیت دینے کی انسانی حقوق کمیشن سے شکایت کی ۔