پونچھ سیکٹر میں دراندازی کی کوشش ناکام، ایک جنگجو ہلاک

   

جموں: فوج نے جموں وکشمیر کے پونچھ سیکٹر میں لائن آف کنٹرول پر جنگجووں کی طرف سے دراندازی کرنے کی ایک بڑی کوشش کو ناکام بنایا جس دوران ایک ملی ٹینٹ مارا گیا۔ذرائع نے بتایا کہ علاقے میں مزید ملی ٹینٹوں کی موجودگی کے پیش نظر سیکورٹی فورسز نے وسیع العریض علاقے کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کیا ۔دفاعی ذرائع نے بتایا کہ فوج نے جمعرات کے روز پونچھ سیکٹر میں لائن آف کنٹرول پر دراندازی کی ایک کوشش کو ناکام بنایا۔انہوں نے بتایا کہ جمعرات کے روز پونچھ سیکٹر میں ملی ٹینٹوں کے ایک گروپ نے اس طرف آنے کی کوشش کی تاہم متحرک اہلکاروں نے اُنہیں للکارا جس دوران شدید گولیوں کا تبادلہ شروع ہوا۔ان کے مطابق ابتدائی فائرنگ میں ایک پاکستانی ملی ٹینٹ گیا اور اس کے قبضے سے بڑی مقدارمیں اسلحہ وگولہ بارود اور قابل اعتراض مواد برآمد کرکے ضبط کیا گیا۔دفاعی ذرائع نے مزید بتایا کہ علاقے میں مزید ملی ٹینٹ موجود ہوسکتے ہیں جس کے پیش نظر اضافی کمک کو بھی جائے وقوع کی اور روانہ کیا گیا۔دریں اثنا فوج کے ایک سینئر عہدیدار نے بتایا کہ برف باری سے قبل پاکستان کی جانب سے دراندازی کی کوششوں میں اضافہ کا امکان ہے ۔انہوں نے بتایا کہ برف باری سے قبل پاکستان زیادہ سے زیادہ ملی ٹینٹوں کو اس طرف بھیجنے کی کوشش کرسکتا ہے جس کے پیش نظر لائن آف کنٹرول اور حد متارکہ پر پہلے ہی الرٹ جاری کیا گیا۔ ان کے مطابق سرحدوں پر تعینات افواج کو چوبیس گھنٹے متحرک رہنے کے احکامات صادر کئے گئے ہیں۔