پوٹن کا ایران میں 2 نیوکلیئر پاور پلانٹ لگانے کا اعلان

   

تہران ؍ ماسکو : ایران اور روس کے صدور نے کریملن میں جامع اسٹریٹجک پارٹنر شپ معاہدہ پر دستخط کردیے۔ روسی صدر پوٹن نے ایران میں دو نیوکلیئر پاور پلانٹ لگانے کا اعلان کردیا اور کہا کہ ایران کے لیے نئے نیوکلیر ری ایکٹرز کی تعمیر میں تاخیر کے باوجود مزید نیوکلیر منصوبہ شروع کرنے کو تیار ہیں۔ صدر پوٹن نے کہا کہ معاہدہ سے دوسروں کی پیدا کردہ مشکلات پر قابو پانے اور آگے بڑھنے کے قابل ہوسکیں گے۔ ایران روس معاہدہ کے مطابق دونوں ممالک ایک دوسرے کو لاحق فوجی خطرات سے مل کر نمٹیں گے۔ روسی صدر کا کہنا تھا کہ ایران یا روس پر حملہ آور کسی ملک کو فوجی امداد فراہم نہیں کی جائے گی، معاہدہ میں سیکوریٹی سروسز، فوجی مشقیں اور افسران کی ٹریننگ میں تعاون بھی شامل ہے۔ صدر پوٹن نے مزید کہا کہ ایران کو یوکرین کی صورتحال پر مسلسل آگاہ رکھا۔ اس موقع پر ایرانی صدر مسعود پیزشکیان نے کہا کہ امید ہے یوکرین جنگ مذاکرات کی میز پر ختم ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ فریقین کے درمیان مذاکرات اور امن کے حصول کا خیرمقدم کریں گے۔