پوٹن کی ’گرل فرینڈ‘ سمیت دیگر شخصیات پر نئی امریکی پابندیاں

   

واشنگٹن : یوکرین پر حملے کے بعد پابندیوں کے نئے مرحلے میں امریکہ نے روسی صدر ولادیمیر پوتن کی مبینہ گرل فرینڈ اور لندن میں دوسری سب سے بڑی اسٹیٹ کے مالک کو بلیک لسٹ کر دیا ہے۔ اے ایف پی کے مطابق امریکی کاروباری پابندیوں کی زد میں کئی دوسری اہم روسی شخصیات بھی آئی ہیں جن کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ وہ صدر کے پوٹن کے قریب ہیں۔امریکہ نے اْن شخصیات پر بھی پابندیاں عائد کی ہیں جن کو روس نے یوکرین میں مقبوضہ علاقوں کے انتظام کے لیے عہدیدار نامزد کیا تھا۔اس کے علاوہ تقریباً روس کے متعدد ہائی ٹیکنالوجی انسٹی ٹیوٹ، کمپنیوں اور الیکٹرانکس کے ادارے بھی امریکی پابندیوں کی زد میں آئے ہیں۔امریکی وزارت خزانہ نے صدر پوٹن کے ساتھی اور ارب پتی آندرے گریگوریویچ گوریف پر پابندیوں کا اعلان کیا ہے جو بکنگھم پیلس کے بعد لندن میں دوسری سب سے بڑی اسٹیٹ وٹان ہارسٹ کے مالک ہیں۔امریکی پابندیوں کے بعد اب گوریف اور ان کے بیٹے کے امریکی بینکوں میں موجود اثاثے ضبط ہو جائیں گے اور ان کے ساتھ کاروباری تعلقات رکھنے والی کمپنیوں اور افراد کو بھی امریکی بینکوں سے لین دین میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔