پوچارام سرینواس ریڈی تلنگانہ اسمبلی اسپیکر منتخب

,

   

حصول عہدہ کے بعد اظہار تشکر ، اسمبلی کو مثالی بنانے کا عزم ، چیف منسٹر و دیگر قائدین کا خطاب

حیدرآباد /18 جنوری ( سیاست نیوز ) تلنگانہ ریاستی قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر کی حیثیت سے مسٹر پوچارم سرینواس ریڈی کا انتخاب عمل میں آیا ۔ اجلاس کے آغاز کے ساتھ ہی عبوری اسپیکر ممتاز احمد خان نے اسپیکر کے انتخاب کا اعلان کیا ۔ کل شام اسپیکر کے عہدے کیلئے پی سرینواس ریڈی کی جانب سے پرچہ نامزدگی داخل کی گئی تھی لیکن متفقہ طور پر پوچارم سرینواس ریڈی کو ریاستی قانون ساز اسمبلی کا اسپیکر منتخب کیا گیا ۔ کانگریس اور مجلس کی جانب سے پوچارم کے حق میں پرچہ نامزدگی داخل کیا گیاتھا ۔ عبوری اسپیکر کے اعلان کے بعد چیف منسٹر چندرا شیکھر راؤ اتم کمار ریڈی ، ایٹالہ راجندر ، احمد بلعلہ نے احتراماً سرینواس ریڈی کو اسپیکر کی کرسی تک پہونچایا ۔ اپنے عہدے کا جائزہ لینے کے بعد اسپیکر پی سرینواس ریڈی نے کارروائی کا آغاز کیا ۔ چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندرا شیکھر راؤ نے اسپیکر کے بلامقابلہ انتخاب پر تمام سیاسی جماعتوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اسپیکر کیلئے ایک حرکیاتی اور دیانتدار شخصیت کا انتخاب عمل میں آیا ہے ۔ انہوں نے اسپیکر کے تعریف میں کہا کہ یہ روایات پر عمل کرنے والے ایک باوقار خاندان سے ان کا تعلق ہے ۔ جو کافی تجربہ رکھتے ہیں اور اب انہیں ایک بڑے خاندان کا سربراہ بنایا گیا ہے ۔ چیف منسٹر نے وزیر زراعت کی حیثیت سے ان کی خدمات کی زبردست ستائش کی اور کہا کہ رعیتو بندھو اور رعیتو بیما اسکیمیں پورے ملک میں قابل قدر نگاہ سے دیکھی جانے والی ہیں ۔ انہو ںنے کہا کہ اڑیسہ ، جنوبی بنگال کے چیف منسٹرزنے ان اسکیمات پر اپنی ریاستوں میں عمل آوری کا اشارہ دیا ۔ جبکہ ماہر زرعی معاشیات نے بھی اس اسکیم کی عمل آوری پر ریاست تلنگانہ کی ستائش کی ۔

انہوں نے پوچارم سرینواس ریڈی کے انتخاب پر مسرت کا اظہار کیا اور تعاون کرنے والی تمام سیاسی جماعتوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ عوامی خدمات میں بہترین رول ادا کرنے والے اب دستوری عہدے پر بھی اپنی گراں قدر خدمات کو انجام دیں گے ۔ اس موقع پر وزیر داخلہ مسٹر محمد محمود علی نے اسپیکر کے متفقہ انتخاب پر مسرت کا اظہار کیا ۔ انہوں نے کہا کہ 1977 سے سیاسی سفر کا آغاز کرنے والے پوچارم سرینواس ریڈی آج اسپیکر کے عہدے تک پہونچے ہیں ۔ زرعی شعبہ میں ریاست کی مثالی ترقی کیلئے چیف منسٹر کی جدوجہد اور سخت محنت کے بعد ان کے بھروسہ پر اپنی خدمات کو بخوبی سنبھالتے ہوئے سرینواس ریڈی نے مثالی اقدام کیا ۔ اس موقع پر ٹی ہریش راؤ نے پوچارم کے انتخاب پر مسرت کا اظہار کیا اور کہا کہ 1969 میں تحریک تلنگانہ کا حصہ بننے والے پوچارم نے دوبارہ پارٹی اور عہدوں کی پرواہ کئے بغیر تحریک میں شمولیت اختیار کرلی ۔ مسٹر ہریش راؤ نے کہا کہ پوچارم سرینواس ریڈی کا انتخاب ہر جہدکار کیلئے قابل فخر بات ہے ۔ اس موقع پر کے راما راؤ، ایٹالہ راجندر ، ٹی نرسمہا ، اے نائیک ، جیون ریڈی ، اندرا کرن ریڈی ، جی سریدھر و دیگر نے خطاب کیا ۔ اس موقع پر اپنے خطاب کے دوران پوچارم سرینواس ریڈی نے اسمبلی کو مثالی بنانے کا تیقن دیا اور کہا کہ ایوان کی کارروائی کو صحتمند انداز میں چلایا جائے گا اور غیر جانبدارانہ رول ادا کرتے ہوئے عوامی مسائل پر بات چیت کا تمام اراکین کو موقع دیا جائے گا ۔ انہوں نے برسر اقتدار اور اپوزیشن جماعتوں کے ا راکین سے ایوان کے وقار کو برقرار رکھنے کی اپیل کی اور کہا کہ ایک بھروسہ اور امید کے ذریعہ غریب پچھڑے ہوئے طبقات اور کسانوں نے ہمیں منتخب کرتے ہوئے یہاں ایوان میں بھیجا ہے ۔ تاکہ ان کی امیدیں پوری ہوسکیں اور ان کے مسائل حل ہوسکیں ۔ انہوں نے کہا کہ ذات پات یا پھر پارٹی اس طرح کا کوئی فرق نہیں ہونا چاہئے اور نہ ہی ایسی سونچ کو پنپنے کا موقع فراہم ہوسکے ۔ انہوں نے اس بڑی ذمہ داری پر چیف منسٹر کا شکریہ ادا کیا اور متفقہ طور پر انتخاب میں تعاون پیش کرنے والی اپوزیشن جماعتوں کے اقدام کی بھی ستائش کی ۔ انہوں نے پوری دیانتداری سے ذمہ داری نبھانے کا بھروسہ دلایا اور اپوزیشن سے تعاون کی امید کی ۔ اسپیکر نے میڈیا سے بھی تعاون کو خواہش کی ۔ اور ایوان کے اجلاس کو کل تک کیلئے ملتوی کردیا ۔