پُل سے لٹکتی ہوئی لڑکی نے 100 ڈائل کرکے خود کو بچالیا

   

گنٹور /9 اگست ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ایک 13 سالہ لڑکی نے نازک حالات میں بھی حوصلہ نہیں ہارا اور پامردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 100 ڈائل کرکے اپنی جان بچانے میں کامیاب ہوئی ۔ آندھراپردیش کے گنٹور ضلع میں ایک حیران کن معاملہ سامنے آیا ہے ۔ یہاں ایک 13 سالہ لڑکی کو اس کے سوتیلے باپ نے دریائے گوداوری میں ڈھکیل دیا ۔ جس کے بعد وہ تقریباً آدھے گھنٹے تک لٹکتی رہی ۔ پولیس فوری طور پر لڑکی کو وہاں سے باہر لے گئی ۔ فی الحال فرار ملزم سوتیلے باپ کی تلاش جاری ہے۔ متاثرہ لڑکی کا نام کیرتنا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق ملزم نے اتوار کی صبح اسے اس کی ماں پپلا سوہا سینی 36 اور بہن جرسی (1) کو گوداوری ندی میں ڈھکیل دیا تھا ۔ ملزم نے پل پر سیلفی لینے کے بہانے اس گھناونی واردات کو انجام دیا ۔ حادثے میں ماں اور بہن نہیں ملے تاہم 13 سالہ لڑکی کیبل کا پائپ پکڑ کر لٹک کر اپنی دلیری اور سوجھ بوجھ سے خود کو بچالینے میں کامیاب رہی ۔ الوا سریش نامی ملزم کیرتنا کی ماں کا لیو ان پارٹنر تھا ۔ جب ملزم نے اسے پل سے ڈھکیل دیا تو کیرتنا پل کے پاس ایک پلاسٹک کیبل کے پائپ کے پاس گر گئی اور تقریباً آدھے گھنٹے تک اس سے لٹکتی رہی ۔ وہ ایک ہاتھ سے پائپ پکڑے تھی ۔ نیچے تیز دریا بہہ رہاتھا ۔ پھر اس کی نظر جیب میں رکھے موبائل پر پڑی ۔ اس نے اپنا موبائل نکالا اور 100 ڈائل کیا اور پولیس سے مدد مانگی ۔ اطلاع ملتے ہی پولیس فوراً موقع پر پہونچ گئی ۔ پولیس اور ہائی وے موبائل کے اہلکاروں نے مل کر لڑکی کو بچالیا ۔