پٹرول اور ڈیزل کی اضافی قیمتوں کے خلاف ریاست بھر میں کانگریس کا احتجاج

   

ضلع کلکٹرس کو یادداشت کی پیشکشی، گاندھی بھون کے روبرو قائدین کی گرفتاری
حیدرآباد: ملک میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کے خلاف کانگریس پارٹی نے آج ریاست بھر میں احتجاج منظم کرتے ہوئے ضلع کلکٹرس کو یادداشت پیش کی۔ حیدرآباد کے علاوہ دیگر اضلاع میں سینئر پارٹی قائدین نے مظاہروں کی قیادت کی ۔ پارٹی ہیڈ کوارٹر گاندھی بھون کے روبرو گریٹر حیدرآباد کانگریس کمیٹی کی جانب سے منظم کردہ احتجاج کو پولیس نے روکنے کی کوشش کی جس کے سبب صورتحال کشیدہ ہوگئی ۔ پولیس نے کانگریس قائدین کو حراست میں لے کر جلوس نکالنے کی کوششوں کو ناکام بنادیا۔ کانگریس کارکنوں کے ہاتھوں میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں سے دستبرداری کے حق میں نعرے لکھے ہوئے پلے کارڈس تھے۔ بعض قائدین گھوڑوں پر سوار ہوکر احتجاج میں شامل ہوئے ۔انہوں نے گاندھی بھون سے ریالی کے آغاز کی کوشش کی ۔ پولیس نے صبح سے ہی علاقہ کو گھیر لیا تھا اور رکاوٹیں کھڑی کردی گئیں۔ حیدرآباد کلکٹریٹ جلوس کی شکل میں پہنچ کر قائدین میمورنڈم پیش کرنا چاہتے تھے۔ صدر گریٹر حیدرآباد کانگریس کمیٹی انجن کمار یادو ، اے آئی سی سی ترجمان ڈاکٹر شراون ، ورکنگ پریسیڈنٹ پونم پربھاکر ، سکریٹری اے آئی سی سی ڈاکٹر چنا ریڈی، صدر یوتھ کانگریس انیل کمار یادو اور دیگر قائدین کو پولیس نے اپنی تحویل میں لے کر کلکٹریٹ حیدرآباد پہنچایا جہاں انہوں نے کلکٹر کو یادداشت حوالے کی۔ پارٹی کارکنوں کو گاندھی بھون سے آگے بڑھنے کی اجازت نہیں دی گئی اور یہیں سے انہیں منتشر کردیا گیا ۔ ضلع کلکٹریٹ رنگا ریڈی کے روبرو سکریٹری اے آئی سی سی ومشی چند ریڈی کی قیادت میں دھرنا منظم کیا گیا۔ رکن اسمبلی جگا ریڈی نے سیکل پر سفر کرتے ہوئے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کے خلاف احتجاج درج کرایا ۔ صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے کلکٹر نلگنڈہ کو یادداشت پیش کی۔ ریاست کے دیگر اضلاع میں بھی مظاہروں کی اطلاعات ملی ہیں۔ اتم کمار ریڈی نے اعلان کیا کہ کل 30 جون کو ریاست میں کورونا وائرس سے نمٹنے میں حکومت کی ناکامی کے خلاف اسمبلی حلقوں اور ضلع ہیڈ کوارٹرس پر احتجاج کیا جائے گا۔