پٹرول پمپ مالک کے اغوا کی ناکام کوشش، ٹولی بے نقاب

   


حیدرآباد30 ڈسمبر (سیاست نیوز ) پٹرول پمپ مالک کے اغوا کی ناکام کوشش کرنے والی ایک ٹولی کو بے نقاب کرکے راجندر نگر پولیس نے دو افراد کو گرفتار کرلیا۔ یہ بات ڈی سی پی شمس آباد زون پولیس جگدیشور ریڈی نے بتائی۔ انہوں نے ایک پریس کانفرنس میںبتایا کہ 28 سالہ سائی کرن ریڈی ساکن گچی باؤلی کا اغوا کرنے کی ناکام کوشش کی گئی۔ پولیس نے سائی کرن ریڈی کے ڈرائیور سدرشن اور اس کے ایک ساتھی ارجن کو گرفتار کرلیا جبکہ انیل اور وجے مفرور ہیں ۔ ڈی سی پی نے بتایا کہ سدرشن نے منصوبہ بنایا تھا جو گزشتہ 4 ماہ سے پٹرول پمپ مالک کے یہاں ڈرائیونگ خدمات انجام دے رہا تھا۔ اس نے ان چار ماہ میں سائی کرن ریڈی اور اس کے والد دنیش ریڈی کے متعلق تمام تفصیلات جمع کرلئے جو بہادر پورہ میں پٹرول پمپ چلاتے ہیں۔ گزشتہ روز سدرشن نے سائی کرن ریڈی کے اغوا کا منصوبہ بنایا اور آؤٹر رنگ روڈ پر گاڑی کو روک دیا۔ اس دوران منصوبہ کے مطابق تین افراد گاڑی میں سوار ہوئے اور سائی کرن کو اغوا کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔ تاہم راہگیروں کی چوکسی اور کرن کی چیخ و پکار سے کرن اغوا ہونے سے بچ گیا۔ پولیس راجندر نگر نے اس شکایت کے بعد کارروائی کرتے ہوئے سازش کا پردہ فاش کیا اور انہیں گرفتار کرلیا۔ ڈی سی پی نے بتایا کہ 50 لاکھ روپے تاوان کا منصوبہ بنایا گیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ مینکالی، گجویل اور رائے درگم پولیس حدود میں اس نے وارداتیں انجام دی تھیں۔ ڈی سی پی نے ملزم سدرشن کے خلاف پی ڈی ایکٹ نافذ کرنے کا اعلان کیا۔ اس موقع پر راجندر نگر اے سی بی گنگا دھر و دیگر موجود تھے۔ ع