پٹرول 275 روپئے ہوجانے کا اندیشہ:اکھلیش

   

لکھنؤ : پٹرول۔ڈیزل کی قیمتوں میں ہورہے اضافے کے سلسلے میں مرکزی و ریاست کی بی جے پی حکومتوں پر طنز کستے ہوئے سماج وادی پارٹی صدر اکھلیش یادو نے کہا کہ تقریبا 80پیسے فی لیٹر کی شرح سے پٹرول کی قیمتوں میں لگاتار ہورہے اضافے سے لگتا ہے کہ سال کے آخر تک پٹرول کی قیمت 275روپئے فی لیٹر تک پہنچ جائے گی۔ یادو نے ٹوئٹ میں لکھا‘عوام کہہ رہے ہیں کہ 80پیسے فی دن یا تقریبا 24روپئے فی مہینے کے حساب سے پٹرول کی قیمتیں یوں ہی بڑھتی رہیں تو اگلے جو انتخاب نومبر دسمبر میں ہونگے اس درمیان سات مہینوں میں تقریبا 175 روپئے بڑھ جائیں گے مطلب آج کے 100روپئے فی لیٹر سے بڑھ کر پٹرول 275 روپئے لیٹر ہوجائے گا۔ یہ ہے بی جے پی مہنگائی کی ریاضی۔ گذشتہ کچھ دنوں سے پٹرول ڈیزل کی قیمتوں میں لگاتار اضافے کا دور جاری ہے اور ریاست کے زیادہ تر علاقوں میں پٹرول کی قیمت سو روپئے فی لیٹر سے زیادہ ہوچکی ہے ۔