پکوان گیس قیمتوں میں اضافہ کے خلاف مہیلا کانگریس کی ریالی

   

گاندھی بھون تا معظم جاہی مارکٹ احتجاج، حکومت سے ویاٹ میں کمی کا مطالبہ
حیدرآباد۔9۔ مئی (سیاست نیوز) پکوان گیس کی قیمتوں میں اضافہ کے خلاف مہیلا کانگریس کی جانب سے آج احتجاجی ریالی منظم کی گئی ۔ صدر مہیلا کانگریس سنیتا راؤ کی قیادت میں گاندھی بھون سے معظم جاہی مارکٹ تک مہیلا کانگریس کارکن نے احتجاجی جلوس نکالا اور مرکز اور ریاستی حکومتوں کے خلاف نعرہ بازی کی گئی۔ احتجاجیوں کے ساتھ خالی گیس سلینڈرس تھے اور پلے کارڈس پر پکوان گیس کی قیمتوں میں کمی کا مطالبہ درج تھا۔ گاندھی بھون سے ریالی کا آغاز ہوا جو معظم جاہی مارکٹ تک جاری رہی۔ مہیلا کانگریس سٹی یونٹ کے قائدین اور کارکن ریالی میں شریک رہے۔ اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے سنیتا راؤ نے کہا کہ پکوان گیس کی قیمت میں گزشتہ ایک ماہ کے دوران تقریباً 180 روپئے کا اضافہ ہوچکا ہے۔ مرکزی حکومت نے متوسط خاندان پر بھاری بوجھ عائد کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پٹرول اور ڈیزل کے علاوہ پکوان گیس کی قیمتوں میں اضافہ کا اثر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر پڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت نے مہنگائی پر قابو پانے کا وعدہ کیا تھا لیکن مہنگائی میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ پٹرول ، ڈیزل اور پکوان گیس کی قیمتوں میں اضافہ کیلئے کے سی آر حکومت کو مساوی ذمہ دار قرار دیتے ہوئے سنیتا راو نے کہا کہ جی ایس ٹی ، ویاٹ اور دیگر ٹیکسوں میں کمی کرکے ریاستی حکومت عوام کو راحت پہنچا سکتی ہے۔ انہوں نے کے سی آر حکومت سے مطالبہ کیا کہ پٹرول ، ڈیزل اور پکوان گیس پر ریاستی ٹیکسوں میں کمی کرتے ہوئے عوام کو مہنگائی سے راحت دیں۔ پولیس نے احتجاجی مہیلا کانگریس کارکنوں کو منتشر کردیا۔ مہیلا کانگریس نے اعلان کیا کہ ریاست کے تمام اضلاع میں احتجاج جاری رہے گا۔ ر