پہلو خان کیس : تمام ملزمین بری‘ حکومت راجستھان اپیل کریگی

   

جئے پور۔ 14 ۔ اگست (سیاست ڈاٹ کام) الوار کی عدالت میں چہارشنبہ کے دن تمام 6 ملزمین کو پہلو خان کو زد و کوب کے ذریعہ ہلاک کردینے کے الزام سے باعزت بری کردیا۔ ایک ہجوم نے دو سال قبل پہلو خان کو زد و کوب کے ذریعہ موت کے گھاٹ اتار دیا تھا ۔ فیصلہ سے کئی گھنٹے قبل راجستھان حکومت نے کہا کہ وہ عدالت کے فیصلہ کے خلاف ایڈیشنل ڈسٹرکٹ جج کی عدالت میں اپیل کرے گی۔ الوار عدالت کی جانب سے جن 6 ملزمین کو باعزت بری کیا گیا ہے ، ان میں سے 3 تمام کے تمام اب بھی ایک اور تفتیش کے منتظر ہیں جو بچوں کے انصاف بورڈ کی جانب سے کی جائے گی اور انہیں ایک اور قانون داں کا سامنا کرنا پڑے گا ۔ ہریانہ کے متوطن 55 سالہ پہلو خان کے دو فرزند ہیں اور چند دیگر پر گائیوں کی مبینہ طور پر غیر قانونی منتقلی کرتے ہوئے روکا گیا تھا اور ایک ہجوم نے ضلع الوار میں یکم اپریل 2017 ء کو زد و کوب کرتے ہوئے اسے ہلاک کردیا تھا۔ بعد ازاں ایک ویڈیو جھلکی منظر عام پر آئی ۔ سماجی ذرائع ابلاغ نے مبینہ طور پر مردوں کے گروپ کو اسے زد و کوب کرتے ہوئے دکھایا تھا۔ پہلو خان دواخانہ میں 3 اپریل کو فوت ہوگیا۔ ان کے قتل پر برہمی پیدا ہوئی اور احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔ عدالت نے شبہ ظاہر کیا کہ 6 ملزمین کی شناخت میں غلطی ہوئی ہے اور ان تمام کو باعزت بری کردیا۔