پہلی ہندو خاتون تلسی گبارڈ ‘ امریکی صدارتی انتخاب لڑنے کی خواہاں

,

   

واشنگٹن 12 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) امریکی کانگریس کی پہلی ہندو قانون ساز تلسی گبارڈ نے کہا کہ وہ 2020 میں امریکی صدارتی انتخاب کیلئے مقابلہ کرینگی ۔ 37 سالہ تلسی گبارڈ سینیٹر ایلزبتھ وارن کے بعد دوسری خاتون ہیں جنہوں نے ڈیموکریٹک پارٹی سے صدارتی انتخاب لڑنے کا ارادہ ظاہر کیا ہے ۔ یہ امید کی جا رہی ہے کہ 2020 میں تقریبا 12 ڈیموکریٹک قانون ساز امیدواری کا دعوی پیش کرسکتے ہیں جن میں ہندوستانی نژاد کیلیفورنیا سنیٹر کملا ہیرس بھی میدان میں ہوسکتے ہیں۔ گبارڈ امریکی ایوان نمائندگان میں ہوائی سے چوتھی مرتبہ کی رکن ہیں ۔ انہوں نے سی این این سے کہا کہ انہوں نے صدارتی انتخاب میں قسمت آزمائی کا فیصلہ کیا ہے اور وہ آئندہ ہفتے اس تعلق سے رسمی اعلان کرینگی ۔ انہوں نے کہا کہ ان کے صدارتی انتخاب میں آنے کی کوششوں کی کئی وجوہات ہیں جن میں امریکی عوام کی بہتر خدمت بھی ہے ۔ وہ چاہتی ہیں کہ امریکی عوام کو بہتر نگہداشت صحت کی سہولیات دستیاب ہوں ۔ ملک کیلئے ایک جامع امیگریشن اصلاح ہوسکے اور اس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ آئندہ نسلوں کیلئے صاف ہوا اور صاف پانی دستیاب ہوسکے اور ملک کے فوجداری نظام انصاف کو بہتر بنایا جاسکے ۔ وہ چاہتی ہیں کہ ملک کے مفادات کی خاطر کرپشن کا خاتمہ کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ امن اور جنگ کو ایک اہم مسئلہ سمجھتی ہیں اور وہ اسی لئے بھی میدان میں آئی ہیں۔ وہ امریکی عوام سے اس تعلق سے آئندہ دنوں میں تفصیلی تبادلہ خیال کرینگی۔ جب انہیں امریکی عوام کی تائید حاصل ہوگی تو وہ ملک کیلئے بہتر خدمات انجام دے سکیں گی ۔ انہوں نے کہا کہ ایسا کوئی چیلنج نہیں ہے جس سے نمٹا نہیں جاسکتا ۔ انہوں نے اپنے حامیوں کے نام ایک ای میل روانہ کرتے ہوئے یہ بات کہی ہے ۔ انہوں نے اپنے اعلان کے بعد پہلے ٹوئیٹ میں اپنے ساتھی ابنائے وطن سے کہا کہ وہ ان کی مہم کا حصہ بن جائیں ۔ ان کے ٹوئیٹر پر کہا گیا ہے کہ امریکہ کہ پہلی خاتون صدر چیلنجس سے نمٹنے تیار ہیں۔ وہ پہلی امریکی ہندو خاتون ہیں جو امریکی صدارتی انتخاب کا حصہ بننا چاہتی ہیں۔ انہوں نے اپنی زندگی کے اوائل وقت ہی میں ہندو ازم اختیار کرلیا تھا اور وہ ہندوستانی امریکیوں میں کافی مقبول ہیں۔ اگر وہ منتخب ہوجاتی ہیں تو وہ امریکی سب سے کم عمر اور پہلی خاتون صدر ہوسکتی ہیں۔ وہ پہلی غیر عیسائی اور پہلی ہندو خاتون بھی ہونگی جو اس عہدہ پر فائز ہونگی ۔ تاہم فی الحال امریکی سیاسی پنڈتوں کا کہنا ہے کہ تلسی گبارڈ کیلئے زیادہ کچھ امکانات نہیں ہیں۔