پہلے سکنڈ شو فلم بینی پھر گھروں میں چوری

   

سرقہ کی 33 وارداتوں میں ملوث سارق گرفتار، 13 لاکھ مالیتی مسروقہ سامان برآمد
حیدرآباد۔/31 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) رچہ کنڈہ کمشنریٹ کے مختلف حدود میں واقع 33 گھروں میں سرقہ کی وارداتوں میں ملوث ایک عادی سارق کو گرفتار کرتے ہوئے اس کے قبضہ سے 13.30 لاکھ روپئے مالیتی مسروقہ مال برآمد کرلیا گیا۔ رچہ کنڈہ کے کمشنر مہیش بھاگوت نے بتایا کہ مشرقی گوداوری کا متوطن 50 سالہ ستیہ نارائنہ گھروں میں چوری سے پہلے سکنڈ شو فلم دیکھا کرتا تھا تاکہ اس وقت تک گھر والے محو خواب ہوجائیں اور سڑکیں بھی سنسان ہوجائیں۔ ستیہ نارائنا ایک سال کے دوران سرقہ کی ان تمام 33 وارداتوں کا ارتکاب کیاہے۔ قبل ازیں وہ آندھرا پردیش میںسرقہ کے ایک مقدمہ میں جرم کا مرتکب پایا گیا تھا اور سزا بھی بھگت چکا ہے۔ قید سے رہائی کے بعد وہ حیدرآباد منتقل ہوگیا تھا۔ چھوٹے و معمولی کاموں سے ہونے والی آمدنی ناکافی محسوس کرتے ہوئے وہ دوبارہ سرقہ کی وارداتوں کا ارتکاب کرنے لگا تھا۔ مہیش بھاگوت نے کہا کہ ستیہ نارائنا فبروری 2019 میں یہاں منتقلی کے بعد چندا نگر میں سکونت اختیار کیا تھا۔ ابتداء میں مستری اور پھر ایک خانگی ادارہ میں دوسرے معمولی کام کیا کرتا تھا۔ لیکن اس کی آمدنی عیش و آرام سے زندگی گذارنے کیلئے کافی نہیں ہورہی تھی۔ چنانچہ وہ ایک موٹر سیکل کے ذریعہ چندا نگر سے شہر کے مشرقی حصوں میں دن کے دوران گھومتا ہوا گھروں کو دیکھ لیا کرتا تھا۔ رات میں چوری کے لئے نکلتا تھا۔ پولیس کی طرف سے پوچھے جانے پر سینما ٹکٹ کے ساتھ یہ بتایا کرتا تھا کہ فلم دیکھ کر واپس ہورہا ہے۔وہ ایسے علاقوں میں جرم کا ارتکاب سے گریز کیا کرتا تھا جہاں سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعہ نگرانی کی جاتی ہے۔ وہ گرین ہلز کالونی ، کتہ پیٹ، کرشنا نگر، ہنومان نگر، سرورنگر، چندرا پوری کالونی ایل بی نگر ، ستیہ وانا نگر وغیرہ محلہ جات کے گھروں میں سرقہ کیا تھا۔