پیاز کی قیمت میں اضافہ عارضی : پاسوان

   

نئی دہلی۔ 17 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیر برائے خوراک اور امور صارفین رام ولاس پاسوان نے آج کہا کہ پیاز کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ عارضی ہے اور اس پر جلدہی قابو پالیا جائے گا۔ مسٹر پاسوان نے آج یہاں پریس کانفرنس میں کہا کہ ملک میں آلو، پیاز اور ٹماٹر کی پیداوار مانگ کے مقابلے میں بہت زیادہ ہے ۔ برسوں کا ایسا تجربہ رہا ہے کہ ستمبر سے نومبر کے دوران کچھ ضروری اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوجاتا ہے ۔ واضح ر ہے کہ قومی دارالحکومت میں کچھ مقامات پر پیاز کی قیمت 60 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کچھ ریاستوں میں جہاں سیلاب نہیں آتاتھا وہاں بھی سیلاب آیاہے جس سے بھاری تباہی ہوئی ہے ۔ آمدورفت کے ذرائع مسدود ہو گئے ہیں جس سے پیا ز بھی متاثر ہوئی ہے ۔ مسٹر پاسوان نے کہا کہ بفر اسٹاک میں 45000 ٹن پیاز موجود ہے ۔ حکومت نے ایم ایم ٹی سی کے ذریعے دو ہزار ٹن پیاز کی درآمد کا بھی فیصلہ کیا ہے ۔