بیروت: لبنان میں طبی عملے نے انکشاف کیا ہے کہ حزب اللہ کو نشانہ بنانے والے پیجر دھماکے جن میں سینکڑوں ارکان زخمی اور ہلاک ہوئے ہیں بہت سے لوگوں کے لیے زندگی بھر کی معذوری بھی لائے ہیں۔طبی ذرائع کے مطابق دھماکوں کے بعد بہت سے لوگ بینائی سے محروم ہوگئے اور متعدد واقعات میں سرجری کے بعد آنکھیں نکالنا پڑیں۔زیادہ تر زخم چہرے، پیٹ، ہاتھ اور ٹانگوں پر ہیں۔ سب سے زیادہ شدید چوٹیں آنکھوں پر لگی تھیں۔بعض افراد کی دونوں آنکھیں ضائع ہو چکی ہیں۔بعض افراد ہاتھ کھوچکے ہیں۔ بعض کے ٹانگوں، پیٹ یا چہرے پر زخم ہیں یا اعضاء ضائع ہوئے ہیں۔اس بارے میں میڈیا نے مصر میں سائبر سیکیورٹی اور سائبر کرائم پر تحقیق کرنے والے ڈاکٹر محمد محسن رمضان سے بات کی۔ان کا کہنا ہے کہ پیجر ڈیوائسز پڑھنے کے لیے پیغامات وصول کرتی ہیں، اور اس لیے ڈیوائس کے استعمال کنندگان کو سب سے پہلے الرٹ ملتا کہ اتنی تعداد میں پیغامات موصول ہوئے، اور اس کے پیش نظر اسکرین کو دیکھا جاتا ہے۔