پیس پارٹی سے اتحاد بی جے پی کوہرانے کیلئے ضروری

   

پرتاپ گڑھ: پیس پارٹی کے قومی صدر ڈاکٹر ایوب سرجن نے کہا کہ ملک میں آج اقتدار کے سامنے خصوصی اپوزیشن پارٹیاں بے بس نظر آرہی ہیں ،جبکہ اتحاد کی بات بہت دبی زبان سے اپوزیشن پارٹیاں کر رہی ہیں ،کانگریس میں بھگدڑ مچی ہوئی ہے ،ایسے میں مسلم سیاسی پارٹیوں خصوصی طور سے پیس پارٹی کو اتحاد میں شامل کیئے بغیر بی جے پی کو اقتدار سے بے دخل کرنا مشکل ہے ۔عوام میں بی جے پی کا جادو آہستہ آہستہ ختم ہورہا ہے ،مگر وہ اپوزیشن کی کمزوری کا انتخاب میں فائدہ اٹھا رہی ہے ،ایسے میں ایک متبادل بی جے پی کو اقتدار سے بے دخل کرنے کے لئے سبھی سیاسی پارٹیوں کو ایک پلیٹ فارم پر آکر حکومت کی عوام مخالف پالیسیوں کی کھل کر مزاحمت کرنی ہوگی۔انہوں نے اپوزیشن کے ذریعہ اتحاد کے اعلان پر اپنے ردعمل میں مذکورہ تاثرات کا اظہار کیا ۔ڈاکٹر ایوب سرجن نے کہا کہ مبینہ سیکولر پارٹیاں مسلم سیاسی پارٹیوں کو اچھوت سمجھ کر ان سے اتحاد کرنے سے پرہیز کرتی ہیں ،انہیں لگتا ہے کہ اگر مسلم پارٹیوں سے اتحاد کر لیا تو ان کا مسلم ووٹ بینک کھسک جائے گا ۔