موسم گرما میں موثر سربراہی پر حکومت کی توجہ
حیدرآباد۔/25 فروری، ( سیاست نیوز) تلنگانہ میں برقی سربراہی پر حکومت نے خصوصی توجہ مرکوز کرتے ہوئے عوام کو پیشگی اطلاع کے بغیر برقی کٹوتی کی صورت میں عہدیداروں کے خلاف کارروائی کا انتباہ دیا ہے۔ پاور ڈسٹری بیوشن کارپوریشن کے اعلیٰ عہدیداروں نے ماتحت عہدیداروں کو احکامات جاری کئے جس میں کہا گیا ہے کہ کسی بھی علاقہ میں مقامی عوام کو پیشگی اطلاع کے بغیر برقی کٹوتی نہ کی جائے۔ برقی سربراہی اور کٹوتی کے بارے میں ریکارڈ میں تفصیلات درج کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ عہدیداروں نے کہا ہے کہ غیر سرکاری طور پر خانگی کنٹراکٹرس کے کاموں میں تعاون کرنے کیلئے برقی کٹوتی کرنے والے عہدیداروں کو معطل کیا جائے گا۔ سائبر سٹی سرکل کے کونڈہ پور ڈیویژن کے تحت الاپور سیکشن میں ایک لائن مین نے غیر سرکاری طور پر برقی کٹوتی کی تاکہ ایک خانگی کنٹراکٹر کے کاموں میں مدد دی جاسکے۔ اعلیٰ عہدیداروں نے اس معاملہ میں تین ملازمین کو معطل کردیا ہے۔ پاور ڈسٹری بیوشن کارپوریشن کے منیجنگ ڈائرکٹر مشرف فاروقی برقی سربراہی کے بارے میں روزانہ جائزہ اجلاس منعقد کررہے ہیں۔ واضح رہے کہ موسم گرما سے قبل حکومت نے بلاوقفہ برقی سربراہی کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے ہیں۔1