فیض عام ٹرسٹ کا فیض جاری ، ایم بی بی ایس فری سیٹس حاصل کرنے والے طلبہ کو تہنیت
حیدرآباد 20 اکٹوبر ( سیاست نیوز ) : فیض عام ٹرسٹ یقینا مستحق فرزندان و دختران ملت کیلئے فیض ہی فیض ہے اور معاشرہ کے ہونہار و مستحق طلباء و طالبات اس سے استفادہ کررہے ہیں ۔ فیض عام ٹرسٹ اپنے سکریٹری جناب افتخار حسین اور مخلص عہدہ داروں بشمول ارکان عاملہ اور خداترس عطیہ دہندگان کی قیادت و نگرانی اور جذبہ خدمت خلق کے ذریعہ بلالحاظ مذہب و ملت ذات پات ، رنگ و نسل ضرورت مندوں کی مدد میں مصروف ہے اور یہ ادارہ ملک کے چنندہ با اعتبار قابل بھروسہ اداروں میں شامل ہے ۔ ان خیالات کا اظہار فیض عام ٹرسٹ کے اسپانسر کردہ ان طلباء وطالبات کی تہنیتی تقریب سے خطاب میں معززین ملت نے کیا ۔ ایم بی بی ایس میں فری سیٹس ملی ہیں ۔مقررین نے جہاں افتخار حسین اور فیض عام ٹرسٹ کے عطیہ دہندگان کو خراج تحسین پیش کیا وہیں ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں اور نیوز ایڈیٹر سیاست جناب عامر علی خاں کی ملی خدمات کی زبردست ستائش کی اور ملی خدمت کے تناظر میں سیاست ملت فنڈ اور فیض عام ٹرسٹ کو جڑواں بھائی قرار دیا ۔ فیض عام ٹرسٹ کے استفادہ کنندگان بالخصوص ایم بی بی ایس میں فری سیٹس حاصل کرنے والی طالبات کو شہر رسول ؐ مدینہ منورہ سے تشریف لائے جناب محمد عرفان حسین لرننگ اینڈ ڈیولپمنٹ منیجر دلہ طیبہ ہوٹل اور ممتاز ڈینٹل سرجن ڈاکٹر رومانہ انصاری کے ہاتھوں تہنیت پیش کی گئی اور فری سیٹ حاصل کرنے والی طالبہ عفیفہ نوشین کو اپران پہنایا گیا اور 1.30 لاکھ روپئے کا ڈی ڈی بھی پیش کیا گیا ۔ عفیفہ نوشین نے گورنمنٹ اسکول اور گورنمنٹ جونیر کالج ونپرتی سے اردو میں تعلیم حاصل کی ۔ سکریٹری فیض عام ٹرسٹ جناب افتخار حسین کے مطابق جب انہوں نے اس طالبہ کی مدد کی درخواست کی تب صرف 20 منٹ میں یہ رقم جمع ہوگئی ۔ اس کا مطلب یہ ہوا کہ خداترس عطیہ دہندگان نے فی منٹ 6500 روپئے بطور عطیہ جمع کروایا ۔ عفیفہ نوشین کو نرکٹ پلی کے کامنینی انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنس میں داخلہ ملا ہے ۔ جناب علی حیدر عامر نے خیر مقدمی تقریر کی جبکہ ڈاکٹر محمد سمیع اللہ خاں نے طلباء وطالبات کو مشورہ دیا کہ وہ ڈسپلن کی پابندی کریں اور جو بھی کریں ایک مشن سمجھ کر کریں ۔ خاص طور پر ایم بی بی ایس پر ہی اکتفا نہ کریں بلکہ ایم ڈی ضرور کریں ۔ محمد ریاض احمد نے ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں اور جناب عامر علی خاں کی ملی خدمات کے حوالے سے کہا کہ ان شخصیتوں نے ہمیشہ ہونہار طلباء وطالبات کی حوصلہ افزائی میں کوئی کسر باقی نہیں رکھی ۔ انہوں نے میڈیکوز سے کہا کہ وہ سفید کوٹ کو داغدار نہ کریں ۔ مریضوں کے ساتھ ہمدردی سے پیش آئیں کیوں کہ خدمت خلق ہی سب سے بڑی عبادت ہے ۔ ایڈیٹر صدائے حسینی جناب سید جعفر حسین نے فیض عام ٹرسٹ کے عطیہ دہندگان اور جناب افتخار حسین کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ فیض عام کا فیض جاری ہے ۔ جناب رضوان حیدر نے فیض عام ٹرسٹ کے اسپانسرڈ کردہ ان طلبہ کے بارے میں بتایا جنہیں ایم بی بی ایس میں فری سیٹس ملی ہیں ۔ اب تک فیض عام کے 16 طلبہ کو جن میں 14 طالبات ہیں ۔ ایم بی بی ایس میں مفت داخلہ ملے ہیں ۔ فیض عام کے دو استفادہ کنندگان ڈاکٹر سمرن اور ڈاکٹر سید حسن علی نے بھی خطاب کیا ۔ انہوں نے ایم ڈی کیا ہے جب کہ ڈاکٹر عائشہ ایم ڈی گائناکالوجسٹ کے والدین موجود تھے ۔ طلبہ کی حوصلہ افزائی کرنے والوں میں جناب سید حیدر علی ، جناب خلیل احمد خلیل واچ کمپنی ، عاطف جیون اکیڈیمی اور ہارون ضیائی شامل تھے ۔ ڈاکٹر رومانہ انصاری نے بھی مڈیکوز کو اپنے مفید مشوروں سے نوازا ۔ سیدہ ثانیہ فاطمہ نے کارروائی چلائی ۔ جناب سید عبدالستار نے محفل کے انعقاد میں اہم کردار ادا کیا ۔ جناب محمد اعظم خاں نے شکریہ ادا کیا ۔