واٹر بورڈ کی سخت کارروائی ، پانی کا کنکشن منقطع ، کمرشیل واٹر ٹینکر سپلائی بھی بند
حیدرآباد : 19اکٹوبر ( سیاست نیوز) شہر حیدرآباد میں پینے کے صاف پانی کو ضائع کرنے اور اس کے غلط استعمال کے خلاف حیدرآباد واٹر بورڈ نے سخت اقدامات کا آغاز کردیا ہے ۔ اس سلسلہ میں واٹر بورڈ نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے بتایا کہ جوبلی ہلز میں واقع ’ فور فادرس پب ‘ پر پینے کا پانی ضائع کرنے کے جرم میں 20 ہزار روپئے کا جرمانہ عائد کیا گیا ہے اور اس کے پانی کا کنکشن منقطع کردیا گیا ہے ۔ اس کے ساتھ ہی پب کو کمرشیل واٹر ٹینکرس کی سپلائی بھی روک دی گئی ہے ۔ واٹر بورڈ کے حکام کو یہ شکایت موصول ہوئی تھی کہ جوبلی ہلز روڈ نمبر 45 میں واقع مذکورہ پب کے احاطہ کو بڑی مقدار میں پینے کے پانی سے صاف کیا جارہا ہے ۔ عہدیداروں نے موقع پر جاکر اس کا معائنہ کیا اور پایا کہ وہ پانی کا غلط استعمال کررہے ہیں جس کے بعد فوری طور پر سخت کارروائی عمل میں لائی گئی ۔ واٹر بورڈ نے عوام سے گزارش کی ہے کہ وہ شہر میں پینے کے پانی کو ضائع اور غلط استعمال کرنے پر شکایات درج کروائیں ۔ پانی کے فضول استعمال سے متعلق افراد یا ادار وں کی تفصیلات ، واقعہ کا مقام اور مکمل پتہ واٹس ایپ نمبر 9949930003 کے ذریعہ فراہم کیا جاسکتا ہے ۔ اس کے علاوہ کسٹمر کیر نمبر 155313 پر بھی شکایت درج کی جاسکتی ہے ۔ واٹر بورڈ نے واضح کیا کہ معلومات فراہم کرنے والے افراد کی تفصیلات کو مکمل طور پر خفیہ رکھا جائے گا ۔ 2/m/b