پی وی این راؤ ایکسپریس وے کے پلر نمبرات غائب

   

رنگ و روغن سے عوام کو راستوں کی تلاش میں سخت مشکلات
حیدرآباد۔7جون(سیاست نیوز)شہر حیدرآباد میں مانصاحب ٹینک سے آرام گھر چوراہاتک موجود پی وی این آر ایکسپریس وے موٹر کاروں اور ائیر پورٹ تک پہنچنے والوں کے لئے کس حد تک کارآمد ہے یہ سب جانتے ہیں لیکن پی وی این آر ایکسپریس وے کے پلرس پر موجود نمبرات شہریوں کے لئے پتہ بتانے اور انہیں راہ دکھانے میں بے انتہاء معاون ہیں تاہم حالیہ چند یوم سے اس راستہ پر لوگ اپنی راہ سے بھٹکنے لگے ہیں کیونکہ گذشتہ ماہ کے دوران پی وی این آر ایکسپریس وے کو رنگ و روغن کیا گیا جس کے سبب ایکسپریس وے کے پلروں پر موجود تمام نمبرات غائب ہوگئے اور اب لوگ تو پتہ بتانے کیلئے پلر نمبر کہہ رہے ہیں لیکن پتہ تلاش کرنے والوں کو مشکل پیش رہی ہے کیونکہ پلروں پر اب نمبر نہیں ہیں بلکہ وہ رنگ و روغن کا شکار ہوچکے ہیں۔پلر نمبروں کے غائب ہونے کو نوٹ کرنے میں شہریوں کو دیر نہیں لگی کیونکہ اس اہم اور مصروف ترین سڑک پر یہ پلر نمبر راستہ دکھانے میں انتہائی معاون تھے ۔ جیسے ہی پلر نمبر غائب ہونے لگے شہریوں نے ٹوئیٹر کے ذریعہ بلدیہ اور بلدی نظم و نسق کو جگانے کے لئے کوششوں کا آغاز کردیا جس پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے سیکریٹری محکمہ بلدی نظم و نسق مسٹر اروند کمار نے کہا کہ رنگ و روغن کا عمل مکمل کئے جانے کے بعد پلروں پر نمبر اندازی کا کام کیا جائے گا۔شہریوں کی جانب سے ٹیکنالوجی کا سہارا لیتے ہوئے کی جانے والی اس شکایت پر مسٹر اروند کمار نے اس بات کا اعتراف کیا کہ انہیں اس بات کا اندازہ ہے کہ پی وی این آر ایکسپریس وے کے ساتھ ساتھ اس کے پلر نمبر عوام کے لئے کس حد تک فائدہ مند ثابت ہورہے ہیں۔ انہوں نے کمشنر جی ایچ ایم سی اور دیگر متعلقہ عہدیداروں کو ہدیات دی کہ ایکسپریس وے کے پلروں پر نمبر اندازی کے کاموں کو جلد مکمل کیا جائے کیونکہ پلروں پر نمبروں کی عدم موجودگی کے سبب عوام کو تکالیف کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد نے پی وی این آر ایکسپریس وے کی سڑک کی مرمت کے ساتھ ساتھ ایکسپریس وے کے زیریں حصہ کی خوبصورتی میں اضافہ کے اقدامات کا آغاز کیاہے اور کہا جا رہاہے کہ بہت جلد ایکسپریس وے آرام گھر سے مانصاحب ٹینک والی سڑک پر راہگیروں کے لئے کھول دیاجائے گا اور پلروں پر جو نمبر رنگ و روغن کا شکار بن چکے ہیں ان کی جگہ نمبر اندازی کے کاموں کو بھی جلد از جلد مکمل کرلیاجائے گا تاکہ عوام کو سہولت حاصل ہوسکے ۔