چادر گھاٹ کے علاقہ میں 200 بستروں پر مشتمل کیئر ہاسپٹل کا آغاز

   

گورنر سوندرا راجن نے افتتاح کیا، عوام کو بہتر طبی سہولتوں کی فراہمی

حیدرآباد۔/8 مئی، ( سیاست نیوز) گورنر ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن نے ملک پیٹ کے علاقہ چادر گھاٹ میں کیئر ہاسپٹلس کے ملٹی اسپیشالیٹی ہاسپٹل کا افتتاح انجام دیا۔ اس موقع پر رکن اسمبلی احمد بن عبداللہ بلعلہ موجود تھے۔ ملک پیٹ اسمبلی حلقہ میں ایک نئے ہاسپٹل کے اضافہ سے حیدرآباد میں کیئر ہاسپٹلس کی جانب سے فراہم کردہ بستروں کی تعداد 1200 سے زائد ہوچکی ہے اور گزشتہ 25 برسوں سے ملک کے مختلف حصوں میں کیئر ہاسپٹلس اپنی طبی خدمات جاری رکھے ہوئے ہے۔ ملک پیٹ میں قائم کردہ ہاسپٹل میں 200 سے زائد بستروں کی سہولت ہے اس کے علاوہ کئی سوپر اسپیشالیٹی خدمات فراہم کی گئی ہیں جن میں کارڈیالوجی، کارڈیاک سرجری، گیسٹرو انٹرالوجی، نیرولوجی، نیرو سرجری، کانکالوجی، ویرالوجی، گائناکالوجی، جنرل سرجری، کریٹیکل کیئر اور دیگر خدمات شامل ہیں۔ یہ ہاسپٹل سابق میں تھمبے نیو لائف ہاسپٹل کے طور پر چلایا جارہا تھا۔ کیئر ہاسپٹلس نے اسے حاصل کرتے ہوئے اپنی خدمات میں توسیع دی ہے۔ ہاسپٹل میں ڈاکٹرس اور نرسنگ اسٹاف کے علاوہ عصری طبی خدمات فراہم کی جارہی ہیں۔ جس دیپ سنگھ گروپ سی ای او کیئر ہاسپٹلس نے بتایا کہ حیدرآباد میں گزشتہ دو دہوں سے کیئر ہاسپٹلس طبی خدمات میں سرفہرست ہے۔ ملک کے کئی علاقوں میں کیئر ہاسپٹل کی خدمات کا بہترین ریکارڈ موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ 70 بستروں پر مشتمل آئی سی یو، 24 گھنٹے ایمرجنسی خدمات کے علاوہ ڈائیلاسیس کیلئے 17 بستروں کا انتظام کیا گیا ہے۔ کیئر ہاسپٹلس ملک پیٹ میں سوپر اسپیشالیٹی ڈاکٹرس کی ٹیم عوام کی خدمت کیلئے دستیاب رہے گی۔ ملک کی پانچ ریاستوں میں کیئر ہاسپٹلس کی برانچس موجود ہیں۔ گورنر نے امید ظاہر کی کہ نیا ہاسپٹل علاقہ کے عوام کی طبی ضروریات کی موثر انداز میں تکمیل کرے گا۔ر