اسمبلی میں وقفہ سوالات، ممتاز احمد خان رکن اسمبلی کا خطاب
حیدرآباد۔11فروری(سیاست نیوز) چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کی تکمیل کے ساتھ ریاستی حکومت چارمینار تا فلک نما‘ پرانی حویلی تا شاہ علی بنڈہ ‘ حسینی علم تا دودھ باؤلی اور دیگر سڑکوں کی توسیع کے کاموں کو مکمل کرنے کے اقدامات کرے کیونکہ یہ توسیعی کام 1982 سے زیر التواء ہیں ۔ رکن اسمبلی چارمینار جناب ممتاز احمد خان نے اسمبلی میں وقفہ سوالات میں حصہ لیتے ہوئے کہا کہ متعدد مرتبہ توجہ دہانی کے باوجود ان سڑکوں کی توسیع کے عمل کو مکمل کرنے کے اقدامات نہیں کئے جار ہے ہیں۔ انہو ںنے بتایا کہ 1986 سے زیرالتواء ان سڑکوں کی توسیع کے مسئلہ کو فوری طور پر حل کرنے کے اقدامات کئے جائیں تاکہ پرانے شہر کے عوام کو درپیش ٹریفک مسائل کو حل کیا جاسکے۔ انہو ںنے بتایا کہ پرانے شہر کے ان علاقوں میں جہاں گنجان آبادیاں ہیں ٹریفک مسائل کی وجہ سے عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ رکن اسمبلی چارمینار نے ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق مسٹر کے ٹی راما راؤ کو پرانے شہر کا دورہ کرتے ہوئے مسائل سے آگہی حاصل کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ جی ایچ ایم سی کو متوجہ کروائے جانے کے باوجود کئی برسوں سے یہ مسائل جوں کے توں برقرار ہیں۔ جناب ممتاز احمد خان نے چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کے سبب متاثر ہونے والے ٹھیلہ بنڈی رانوں اور تاجرین کی بازآبادکاری پر زور دیتے ہوئے کہا کہ چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کی تکمیل کے ساتھ ساتھ ان چھوٹے تاجرین کی بازآبادکاری کا عمل بھی مکمل کیا جانا ضروری ہے تاکہ کوئی روزگار سے محروم نہ رہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ سیاحوں کو آمد میں اضافہ کے ساتھ ساتھ پرانے شہر کے مکینوں کو سہولتوں کی فراہمی پر بھی توجہ مرکوز کریں تاکہ حکومت کے اقدامات کا شہریوں کو بھی فائدہ پہنچے۔