چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کیلئے کسی بھی وقت غیر مجاز قبضہ جات کی برخاستگی،محکمہ بلدی نظم و نسق سے احکامات کی اجرائی

   

حیدرآباد۔ چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کے کاموں کی از سر نو شروعات کے اقدامات کئے جانے لگے ہیں اور تاریخی مکہ مسجد کے اطراف موجود غیر مجاز تعمیرات کو منہدم کرنے کے سلسلہ میں مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے کاروائی کا کسی بھی وقت آغاز کیا جاسکتا ہے کیونکہ جی ایچ ایم سی کی جانب سے چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کی تکمیل میں تاخیر پر حکومت کو سخت تنقیدکا نشانہ بنایا جانے لگا ہے اور یہ الزام عائد کیا جا رہاہے کہ حکومت کی جانب سے پرانے شہر کو نظر انداز کیا جا رہاہے اسی لئے محکمہ بلدی نظم و نسق کی جانب سے شہر حیدرآباد میں عرصہ دراز سے تعطل کا شکار پراجکٹ کو جلد مکمل کرنے کے سلسلہ میں ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ تاریخی مکہ مسجد کے اطراف کئے جانے والے ناجائز قبضوں کی برخواستگی کے سلسلہ میں احکام جاری کئے جا چکے ہیں اور کہا جارہا ہے کہ اس سلسلہ میں قابضین کو کوئی نوٹس کی اجرائی عمل میں نہیں لائی جائے گی اور نہ ہی انہیں کسی قسم کا وقت دیا جائے گا کیونکہ جی ایچ ایم سی کے عہدیداروں نے ان قابضین کو اس بات سے واقف کروادیا ہے کہ وہ جس جگہ پر ہیں وہ ناجائز قبضہ ہے اور اس قبضہ کی برخواستگی کے علاوہ چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کو خوبصورت بنانے کیلئے کئے جانے والے اقدامات کے تحت حاصل کی جانے والی جائیدادوں کی تفصیلات سے بھی مقامی تاجرین کو واقف کروایاجاچکا ہے۔ذرائع کے مطابق آئندہ چند یوم کے دوران بلدیہ کی جانب سے بڑے پیمانے پر کاروائی کرتے ہوئے ان جائیدادوں کو حاصل کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے جن جائیدادوں پر ناجائز قابضین موجود ہیں اور اس کے علاوہ جن جائیدادوں کو حاصل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ان کے مالکین سے قطعی مرحلہ کے مذاکرات کا آغاز کردیا جائے گا تاکہ ان کی جائیدادوں کو بھی ساتھ ہی حاصل کرتے ہوئے چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کے کاموں کو تیز کیا جاسکے۔ شہر حیدرآباد کے اس پراجکٹ کے سلسلہ میں متعدد مرتبہ رکاوٹ پیدا ہوئی ہے لیکن جی ایچ ایم سی عہدیداروں نے بتایا کہ اب پراجکٹ کی تکمیل کی راہ میں کوئی رکاوٹ نہیں ہے اور فٹ پاتھ پر جو تاجرین نے اپنی دکانات کو آگے بڑھایا ہے ان سے بھی خواہش کی جا رہی ہے کہ وہ اپنے طور پر ان قبضوں کو برخواست کریں بصورت دیگر بلدیہ کی جانب سے بڑے پیمانے پر انہدامی کاروائی کا آغاز کرتے ہوئے ان قبضوںکو بھی برخواست کردیا جائے گا ۔ عہدیدارو ںنے بتایا کہ ناجائز قبضہ جات کو برخواست کرنے کیلئے جی ایچ ایم سی کو کسی نوٹس کی اجرائی کی ضرورت نہیں ہے اسی لئے یہ کاروائی تیز رفتاری کے ساتھ کی جائے گی۔