چارہ گھوٹالہ سے وابستہ معاملے میں بڑھے گی بہار کے سابق وزیر اعلٰی لالو پرساد کی سزا

   

پٹنہ: چارہ گھوٹالہ معاملہ میں لالو پرساد یادو کی مشکلات کم ہوتی نظر نہیں آ رہی ہیں۔ لالو پرساد یادو کو چارہ گھوٹالہ کے سبھی معاملات میں جھارکھنڈ ہائی کورٹ سے ضمانت مل چکی ہے لیکن اب ایک مرتبہ پھر دیوگھر ٹریزری کا معاملہ لالو پرساد کے پیچھے جن کی طرح گھومتا نظرآ رہا ہے۔ دیوگھر ٹریزری کیس میں لالو پرساد کی سزا کو بڑھانے کی مانگ کو لے کر سی بی آئی کی جانب سے جھارکھنڈ ہائی کورٹ میں عرضی داخل کی گئی تھی۔جمعرات کو اس معاملہ میں جھارکھنڈ ہائی کورٹ میں جزوی سماعت ہوئی، جس کے بعد عدالت نے اس کیس کی اگلی تاریخ 4 ہفتے بعد مقرر کی ہے۔ سی بی آئی کی جانب سے اس عرضی میں کہا گیا کہ لالو پرساد کو دیوگھر معاملہ میں صرف ساڑھے 3 سال کی سزا سنائی گئی ہے، جب کہ انہیں زیادہ سے زیادہ 7 سال کی سزا ملنی چاہئے تھی۔